مبینہ دھاندلی کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے کراچی کے تمام حلقوں کی رپورٹ طلب کرلی

انتخابات میں دھاندلی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،چیف الیکشن کمشنر جسٹس

الیکشن ٹریبونل 120روز میں انتخابی شکایتوں کا فیصلہ کریں گے، اشتیاق احمد۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے کراچی میں انتخابی دھاندلیوں کی شکایات پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے تمام حلقوں کی رپورٹس طلب کرلی ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے بعد سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ الیکشن کمیشن نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے250 کے 43 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج روکے تھے اس لئے اب صرف ان ہی پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی جس کے نتائج روکے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے تمام حلقوں سے متعلق رپورٹس بھی طلب کی گئی ہیں ، الیکشن کمیشن آرٹیکل 103 (اے) کے تحت ان رپورٹس پر غور کرے گا اور دھاندلی کے ٹھوس شواہد ملنے پر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔


اشتیاق احمد نے کہا کہ گزشتہ 50 برسوں سے یہ ہوتا آیا ہے کہ کامیاب امیدوار کے خلاف شکایات کی سماعت کئی کئی برسوں چلتی رہتی تھی ، پارلیمنٹ تحلیل ہوجاتی تھی لیکن ان شکایات کا فیصلہ نہیں کیا جاتا تھا لیکن اب الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں 14 الیکشن ٹریبونل قائم کئے ہیں جن میں ریٹائرڈ سیشن جج مقرر کردیئے گئے ہیں، انتخابی عذرداریوں کے جائزے کے لئے پنجاب میں 5 جبکہ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 3،3 الیکشن ٹریبونل کام کریں گے، یہ ٹربیونلز 120 روز میں انتخابی شکایتوں کا فیصلہ کریں گے۔

اس سے قبل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)فخرالدین جی ابراہیم نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ، جہاں سے دھاندلی کی شکایت ملے گی وہاں کارروائی کی جائے گی ، اس کے علاوہ انتخابی عملے سے بھی شکایت کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں گی۔
Load Next Story