عمران خان جمہوریت کو پروان چڑھانے کے بجائے اسے نقصان پہنچا رہے ہیں سعد رفیق

عمران خان کے پاس اگر دھاندلی کے کوئی ثبوت ہیں تو وہ الیکشن کمیشن اورمیڈیا کے پاس کیوں نہیں جاتے، خواجہ سعدرفیق

ہم دوسری جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جائے، خواجہ سعد رفیق. فوٹو: ایکسپریس

مسلم لیگ(ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دھاندلی کا الزام عائد کرکے تحریک انصاف ہماری جماعت کا میڈیا ٹرائل کر رہی ہے اورعمران خان جمہوریت کو پروان چڑھانے کے بجائے چند نادان دوستوں کے مشورے پر اپنے کارکنان کو احتجاج اور دھرنوں پر اکسا رہے ہیں۔


لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرکے مسلم لیگ(ن) کا میڈیا ٹرائل کررہے ہیں اور اپنے کارکنوں کو احتجاج پر اکسارہے ہیں اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ اسے لے کر الیکشن کمیشن کے پاس کیوں نہیں جاتے۔ انہوں نے اس حوالے سے عمران خان کو ٹی وی پر مناظرے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر دوسروں کو گالیاں دینا اور غیر اخلاقی زبان استعمال کرنا ٹھیک بات نہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے ابھی تک مسلم لیگ(ن) کی کامیابی پر نوازشریف کو مبارکباد پیش نہیں کی لیکن اس کے باوجود ہم انہیں خیبر پختونخوا میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیشن کرتے ہیں کیونکہ ہمیں یہ مینڈیٹ قوم کی خدمت کرنے کے لئے دیا گیا ہےاحتجاجی دھرنوں کے لئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو ملک میں جمہوریت کا نیا سورج طلوع ہوا، مسلم لیگ (ن) نے دھرنوں، احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست نہیں کی، ہماری جماعت ملک کو ترقی کرتا ہوا دیکھنا چاہتی ہے اور عوام کو نا انصافی ، غربت، انتہا پسندی اور توانائی کے بحرانوں سے نجات دلانا چاہتی ہے، مختلف صوبوں میں مختلف مینڈیٹ آیا ہے اور ہم دوسری جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جائے۔
Load Next Story