ملک کے مفاد میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے نواز شریف

عمران خان اگر خیبر پختونخوا میں حکومت بنا سکتےہیں تو ہمیں اس میں کوئی اعتراض نہیں ہو گا، نواز شریف

نواز شریف نے کہا کہ ڈرون حملوں سے پاکستان کی خود مختاری پر ضرب لگتی ہے اور انہیں بند ہونا چاہیئے۔ فوٹو: فائل

COLOMBO:
مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ اکثریت کے باوجود سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، ملک کو اندھیروں سے نجات ملنی چاہیئے اور اب روشن پاکستان بننا چاہیئے۔

ایکسپریس نیوز پر نشر ہونے والے بی بی سی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح معیشت ہے، معیشت ٹھیک کرنے سے ملک کے تمام مسائل کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، معیشت ٹھیک ہوئی تو دہشت گردی اور بد امنی بھی ختم ہو جائے گی، پہلے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ہم تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کااحترام کرتے ہیں، عمران خان اگر خیبر پختونخوا میں حکومت بنا سکتےہیں تو ہمیں اس میں کوئی اعتراض نہیں ہو گا، سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مینڈیٹ ملا اور ہم اس مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم اور سیاست میں ہمیں بھی کافی گالیاں ملیں لیکن ہم نے گالیاں دیں نہیں بلکہ کھا لیں۔


نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کا احساس محرومی ختم کریں گے، ناراضگیوں کو دور کرنا چاہیئے اور غلطیوں کو سدھارنے کی ضرورت ہے، اگر ہم اسلام اور قرآن کی تعلیمات پر عمل کریں تو بڑے بڑے بگڑے کام بھی سنور جاتے ہیں۔ طالبان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو ہمیں سنجیدگی سے لینا ہو گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز مل بیٹھ کر مشاورت سے اس معاملے کو حل کریں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ امریکا سے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آئے ہیں جس کو دیکھنے کی ضرورت ہے، ڈرون حملوں سے پاکستان کی خود مختاری پر ضرب لگتی ہے اور انہیں بند ہونا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ بھارت سے تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔

اس سے قبل غیرملکی میڈیا اورسینئرصحافیوں سےگفتگوکرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کی حلف برداری کی تقریب میں بھارتی وزیراعظم کوبھی شرکت کی دعوت دیں گے، انہیں بے حد خوشی ہوگی اگر بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ ان کی دعوت پر پاکستان آئیں، بھارت سے تمام حل طلب معاملات کو مذاکرات کی میزپرحل کرنا چاہتے ہیں اور ان کی حکومت امریکا کو ڈرون حملے روکنےسے متعلق قائل کرلے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام جماعتوں کےمینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، خیبرپختونخوا میں عمران خان کی جماعت کو اکثریت حاصل ہوئی ہے اور وہاں حکومت بنانا ان کا حق ہے ۔

مسلم لیگ(ن) کےصدر نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے جو کچھ قوم کے ساتھ کیا انتخابی نتائج میں ان کو اس ہی کا ردعمل بھگتنا پڑا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں معیشت اور توانائی کے بحران کا حل ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمےکے لئےمشترکہ حکمت عملی بنانےکی ضرورت ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story