دوبارہ گنتی میں خواجہ آصف کے مدمقابل عثمان ڈار کے ووٹوں میں اضافہ

دوبارہ گنتی میں عثمان ڈار کے 132 جبکہ مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کے 45 ووٹ بڑھ گئے

دوبارہ گنتی میں عثمان ڈار کے 132 جبکہ مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کے 45 ووٹ بڑھ گئے فوٹو:فائل

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 میں دوبارہ گنتی کے نتیجے میں تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار کے ووٹوں میں اضافہ ہوگیا۔

سیالکوٹ کے حلقہ این اے 73 میں مسترد شدہ 7 ہزار 300 ووٹ اور 174 پوسٹل بیلٹ کی دوبارہ جانچ پڑتال اور گنتی کی گئی۔ جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے عثمان ڈار کے 132 ووٹ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ آصف کے 45 ووٹوں میں اضافہ ہوگیا۔ تاہم خواجہ آصف کے ووٹ اب بھی زیادہ ہیں۔ اس حلقہ سے خواجہ آصف نے عثمان ڈار کو شکست دی ہے۔

پہلے عثمان ڈار اور خواجہ آصف کے ووٹوں میں 1493 کا فرق تھا جو اب کم ہوکر 1406 رہ گیا ہے۔ دوبارہ گنتی کے بعد خواجہ آصف کے ووٹ ایک لاکھ 17002 جبکہ عثمان ڈار کے ایک لاکھ 15596 ہو گئے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف تاحیات نااہل قرار

ادھر عثمان ڈار مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے اس عمل کو مسترد کر چکے ہیں اور انہوں نے اس پر اعتراض اٹھایا ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن میں نظر ثانی اپیل دائر کردی ہے۔ عثمان ڈار نے این اے 73 کے آر او کے سامنے انتخابی نتائج چیلنج کیے تھے اور وہ تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ تاہم آر او نے عثمان ڈار کی درخواست پر پندرہ پولنگ اسٹیشن کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ 2013 کے الیکشن میں بھی خواجہ آصف نے عثمان ڈار کو شکست دی تھی۔ عثمان ڈار نے ہی خواجہ آصف کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اقامہ کے مقدمہ دائر کیا تھا جس پر ہائی کورٹ نے خواجہ آصف کو نااہل کردیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے ان کی نااہلی کو ختم کردیا۔

Load Next Story