دھاندلی کا الزام پریزائیڈنگ افسر سمیت9ملزم جیل بھیج دیے گئے

این اے251 کے پولنگ اسٹیشن نمبر104 پر پریزائیڈنگ افسران اور سیاسی جماعت کے کارکن بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگانے میں مصروف تھے

فاضل عدالت نے مذکورہ ملزمان کو26 مئی تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے. فوٹو: فائل

پولنگ کے دوران دھاندلی اور اعانت جرم میں گرفتار پریزائیڈنگ افسر سمیت 9افراد کو جیل بھیج دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے موقع پر این اے 251 کے پولنگ اسٹیشن 104بہادرآباد میں دوران پولنگ دھاندلی کرنے والوں کی مدد کرنے کے الزام میں گرفتار پریزائیڈنگ افسر عارف حسین ، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر فرحان علی اور محمد عادل ٹھپے لگانے کے الزام میں گرفتار ڈاکٹر عزیز الرحمن، عمیر خان ، جمیل ، خالد ، ساجد اور عظیم احمد کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے پیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی عبدالقدیر برڑوکے روبرو پیش کیا گیا۔




اس موقع پر پولیس نے ریمانڈ کی استدعا کی تھی وکلائے صفائی نے جسمانی ریمانڈ دینے کی مخالفت کی تھی جس پر فاضل عدالت نے مذکورہ ملزمان کو26 مئی تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے استغاثہ کے مطابق این اے 251 کے آزاد امید وار راجہ عارف سلطان کی جانب سے تحریری شکایت پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر چھاپہ مارا تھا اس موقع پر پریزائیڈنگ افسر اور دیگر افراد کی ملی بھگت سے ایک سیاسی جماعت کے مذکورہ کارکن بیلٹ پیپرز پر اپنی مرضی سے ٹھپے لگانے میں مصروف تھے۔

تھانہ فیروز آباد نے ملزمان کو دھاندلی کرنے اور انکی مدد کرنے کے الزام میں گرفتار ان کے خلاف 3سے زائد مقدمات درج کیے تھے ،واضح رہے کہ آزاد امیدوار نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحریری درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ مذکورہ پولنگ اسٹیشن میں ایک سیاسی جماعت کے کارکنان اپنی مرضی سے بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگارہے ہیں اور کسی بھی ووٹر کو ووٹ ڈالنے نہیں دے رہے ہیں اس دھاندلی میں پولنگ عملہ بھی ملوث ہے درخواست میں کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
Load Next Story