خانپور میں 2 برادریوں میں تصادم 3 افراد ہلاک 8 زخمی

گاؤں مہران بجارانی میں تیغانی فریق نے زمین پرکام کرنیوالے مخالفین پرحملہ کردیا

گاؤں مہران بجارانی میں تیغانی فریق نے زمین پرکام کرنیوالے مخالفین پرحملہ کردیا۔ فوٹو:فائل

بجارانی اور تیغانی برادریوں میں دیرینہ تنازع پر تصادم ہوگیا، فائرنگ سے ماموں بھانجے سمیت3افراد جاں بحق جبکہ2بچوں سمیت8افراد زخمی ہوگئے۔

تحصیل خانپور کے کچے ناپر کوٹ تھانے کی حدود گاؤں حاجی مہران خان بجارانی میں بجارانی اور تیغانی فریقین میں جاری دیرینہ تنازع پر صبح سویرے تیغانی فریق کے 30سے زائد مسلح افراد نے زمینوں پر چاول کی فصل بوتے ہوئے بجارانی فریق پر راکٹ لانچر کے گولے فائر کیے، جس کی وجہ سے شدید خوف وہراس پھیل گیا۔

مسلح افراد کی فائرنگ سے زمین پر کام کرنیوالا 32سالہ شاہ نواز ولد محمد اسماعیل بجارانی اوراسکا 28 سالہ بھانجا میاں داد ولد اﷲبخش بجارانی گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں8سالہ ساجن ولد الہی بخش بجارانی،9سالہ محبوب ولد عبیداﷲ بجارانی ، جلیل ولد غلام رسول بجارانی ، اور دوست محمد ولد محمد ابراہیم زخمی ہوگئے ، جس کے بعد بجارانی فریق کے دیہاتیوں نے مورچہ بند ہوکر مسلح افراد پر جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور نانو ولد جانب علی تیغانی موقع پرہی ہلاک ہوگیا جبکہ 4 اکبر تیغانی ، نواب تیغانی ، رجب تیغانی اور ایس پی تیغانی زخمی ہوگئے۔


فریقین میں 4گھنٹے تک وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا،بجارانی فریق کی جانب سے اطلاع ایس ایس پی شکارپور کنٹرول ، ڈی ایس پی خانپور ، ناپرکوٹ پولیس کو دی گئی لیکن پولیس جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی ، جس کی وجہ سے باآسانی مسلح افراد اپنے زخمی ساتھیوں کو ساتھ لے جانے میں کامیاب رہے۔

میڈیا پر تصادم کی خبریں چلنے کے بعد آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے واقعے کا نوٹس لیا اورمتعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے، جس پر شکارپور پولیس نے علاقے کے بااثر سرداروں کی معرفت فریقین میں فائرنگ بند کرائی اور الگ الگ طور پر لاشوںاور زخمیوں کو خانپور آر ایچ سی سینٹر منتقل کیا۔

 
Load Next Story