بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان نے بھارت سے جواب طلب کرلیا

ہمارے ملک میں آنے سے متعلق 31 اگست تک آگاہ کیا جائے، پی بی سی سی کا مراسلہ

آئندہ چھ ماہ کیلیے کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان 10 اگست کو کیا جائیگا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارت کو دورئہ پاکستان کے حوالے سے تحریری طور پر مراسلہ بھجوایا ہے جس میں ہمسایہ بورڈ سے 31اگست تک دورے سے متعلق جواب طلب کیاگیا ہے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ بھارت بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی سے جنوری میں دبئی میں منعقدہ عالمی بلائنڈ کپ کے دوران معاہدہ طے پایا تھا، جس میں بھارتی باڈی کے صدر نے ہمیںیقین دہانی کرائی تھی کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن ابھی تک انھوں نے ہم سے رابطہ نہیں کیا۔


پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارتی بلائنڈ کرکٹ کونسل کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں اس سے کہا گیا ہے کہ وہ پی بی سی سی کواپنے جواب سے 31 اگست تک تحریری طور پر آگاہ کردیں۔ اگر وہ نہیں آتے تو پھر پاکستان اس دوران کسی اور ملک سے سیریز طے کرنے کا مجاز ہوگا، انھوں نے مزید بتایا کہ بھارتی ٹیم اس سے قبل 2004، 2011اور 2014 میں پاکستان کا دورہ کر چکی ہے۔

سید سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے لیے سازگار ملک ہے یہاں پر دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی ہو رہے ہیں۔ بھارت کو طے شدہ معاہدے کے تحت پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے۔ ہم 31اگست تک معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے ان کے جواب کا انتظار کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل آئندہ چھ ماہ کے لیے قومی کھلاڑیوں کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آئندہ ماہ 10اگست کو کرے گی، سینٹرل کنٹریکٹ میں17 کھلاڑیوں کو رکھا جائے گا جس میں بی ون، بی ٹو اور بی تھری کیٹیگری کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔
Load Next Story