عمران خان سے مکمل صلح ہو گئی نواز شریف

عمران خان سے مختصر مگر اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی اور انہوں نے مجھے انتخابات میں کامیابی پرمبارکبادبھی دی، نواز شریف

عمران خان صحتیاب ہو جائیں تو اب ایک فرینڈلی میچ کھیلیں گے، نواز شریف فوٹو: ایکسپریس

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی اور اس دوران ان سے مکمل صلح ہو گئی ہے۔

شوکت خانم اسپتال میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے بتایا ہے کہ ان کی طبیعت مسلسل بہتر ہو رہی ہے تاہم ڈاکٹر نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ اللہ عمران خان کو جلد صحت عطا کرے، عمران خان صحتیاب ہو جائیں تو اب ایک فرینڈلی میچ کھیلیں گے۔


نواز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان سے مختصر مگر اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی اور انہوں نے مجھے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد بھی دی جب کہ میں نے بھی انہیں خیبرپختونخوا میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے، ہم عمران کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں تمام لوگ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنا سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں اور اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان دیں۔

قبل ازیں نواز شریف نے شوکت خانم اسپتال ميں زیر علاج عمران خان کی عیادت کی اور ان کی صحت کے متعلق دریافت کرتے ہوئے پھولوں کو گلدستہ پیش کیا۔
Load Next Story