انتخابات میں قوم پرستوں کامینڈیٹ چوری کیا گیا قادر مگسی

الیکشن کمیشن سے ووٹرز کے انگوٹھے کے نشان کی تصدیق کرائے جانے کا مطالبہ

قادر مگسی نے کہا کہ کراچی میں پولنگ اسٹیشنز پر ایک جماعت کا قبضہ تھا اور کسی بھی ووٹر کو پولنگ اسٹیشنز میں جانے کی اجازت نہیں تھی۔ فوٹو: فائل

سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا ہے کہ سندھ کی عوام آج بھی قوم پرستوں کے ساتھ ہیں، عام انتخابات میں ان کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔

یہ بات انھوں نے ترقی پسند ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ 11مئی کے انتخابات میں جس طرح دھاندلی کی گئی ہے، اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، انتظامیہ خاموش تماشائی اور لاتعلق بنی رہی، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان لگ گیا ہے، جب کہ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو الیکٹرونک پرچی دینے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔




جس سے ان کی انتظامی نا اہلی ثابت ہوتی ہے۔ انھوں نے مزیدکہا کہ کراچی میں پولنگ اسٹیشنز پر ایک جماعت کا قبضہ تھا اور کسی بھی ووٹر کو پولنگ اسٹیشنز میں جانے کی اجازت نہیں تھی۔ انھوں نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ ووٹ کی کاونٹر سلپ پر ووٹرز کے انگوٹھے کے نشان کی تصدیق کرائی جائے۔

انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے سندھ ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے، فوج کی نگرانی میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں اور آئندہ انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرائے جائیں۔ اس موقع پر انھوں نے مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔
Load Next Story