رینٹل پاور کیس راجا پرویز کی طبیعت خراب نیب میں پیشی سے معذرت

تحریری عذر بھجوادیا، جب وہ وزیر اعظم تھے تو حکام انھیں طلب کرنیکی ہمت نہیں کرپارہے تھے

اہلخانہ سمیت ملک چھوڑنے کی کوشش پر سابق وزیر اعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے رینٹل پاور کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں خرابی طبیعت کے باعث قومی احتساب بیورو کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی۔

نیب ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نے اپنی عدم پیشی سے متعلق عذر تحریری طور پر بھجوا دیا ہے جس میں انھوں نے موقف اختیار کیا کہ طبیعت ناساز ہے جس کی وجہ سے منگل کو نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش نہیں ہو سکیں گے۔اس سے پہلے قومی احتساب بیور (نیب) نے راجا پرویز اشرف کو رینٹل پاور پروجیکٹ میں22 ارب روپے کے فراڈ کیس میں ان کا بیان ریکارڈ کرنے کیلیے طلب کیا ۔ راجا پرویز اشرف ملزموں میں شامل ہیں، ان سے کہا گیا تھا کہ وہ منگل کی صبح 10 بجے سے پہلے نیب کے تحقیقاتی افسرکے سامنے پیش ہوں۔




میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم جنھیں ان کے آبائی حلقہ انتخاب میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اپنے خاندان کے ہمراہ ملک چھوڑنے کی کوشش کررہے تھے چنانچہ ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا ہے تاہم اس رپورٹ کی نیب کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔نیب کے ترجمان رمضان ساجد نے بتایا کہ یہ درست ہے کہ راجا پرویز اشرف کو نیب کے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کیلیے کہا گیا۔
Load Next Story