دہرے قتل میں ملوث مجرم کو2مرتبہ سزائے موت کا حکم

مجرم نے اپنی اہلیہ سے زیادتی کا بدلہ لینے کیلیے بینک منیجر کوقتل کردیا تھا

ملزم نے اپنی اہلیہ سے زیادتی کا بدلہ لینے کی غرض سے بینک منیجر مقتول کاشف علی خان اور اس کی اہلیہ کو قتل کر دیا تھا۔ فوٹو: فائل

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی زاہدہ سکندر نے دہرے قتل میں ملوث بینک کے سیکیورٹی گارڈ اسد اﷲ کو 2 مرتبہ سزائے موت اور2 لاکھ روپے مقتولین کے ورثا کو ادا کرنے کا حکم سنایا ہے۔

ملزم کو ہرجانہ ادا نہ کرنے پر 6 ماہ مزید جیل میں رہنا ہوگا ، قتل میں شریک ملزمہ مسماۃ راشدہ کے تاحیات وارنٹ جاری کردیے، استغاثہ کے مطابق21نومبر2007کو ملزم نے اپنی اہلیہ سے زیادتی کا بدلہ لینے کی غرض سے بینک منیجر مقتول کاشف علی خان اور اس کی اہلیہ مسماۃ مہوش کو سرجانی کے علاقے تیسر ٹاؤن میں واقع مقتولین کی رہائش گاہ میں داخل ہوکر قتل کردیا تھا ۔

بعدازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا، ملزم نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبروضابطہ فوجداری کی ایکٹ164کے تحت اپنا اعتراف بیان میں عدالت کو بتایا تھا کہ وہ مقامی بینک میں سیکیورٹی گارڈ تھا اوراسی بینک کے منیجرمقتول کاشف علی خان سے گھریلو تعلقات تھے، مقتول اس کی موجودگی اور غیرموجودگی میں اس کے گھر آتا تھا۔




اس کی اہلیہ نے بتایا کہ وہ مقتول کے گھر اس کی اہلیہ سے ملنے گئی تھی تاہم مقتول کی اہلیہ گھر میں نہیں تھی جس کا مقتول نے فائدہ اٹھایا اور اس سے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جس پر اس کے برادر نسبتی، کلیم اور اس کی سالی شکیلہ نے زیادتی کا بدلہ لینے کیلیے قتل کا منصوبہ بنایا تھا اور وقوعے کے روز انھوں نے منصوبے کے تحت مشروب میں نشہ آور اشیا ملاکر دونوں کو بے ہوش کرکے انھیں قتل کردیا تھا۔

پولیس نے ملزم کے بیان پر اس کی اہلیہ مسماۃ رشیدہ اور سالی شکیلہ اور کلیم اﷲ کو گرفتار کرلیا تھا، دوران سماعت شکیلہ اور کلیم کو عدم ثبوت پر مقدمے سے خارج کردیا تھا، ملزم کی اہلیہ ضمانت کے بعد عدالت سے تاحال مفرور ہے۔
Load Next Story