انتخابی اکھاڑے میں کس سیاستدان نے کتنا خرچہ کیا

الیکشن کمیشن کی ہدایت پر کامیاب امیدوار انتخابی اخراجات کی تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرارہے ہیں

عمران، شہباز اوربلاول سمیت متعدد سیاستدانوں نے انتخابی مہم کی مد میں لاکھوں روپے خرچ کیے فوٹو:فائل

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں کامیاب قراردئیے گئے امیدواروں کو انتخابی مہم کے دوران اخراجات کی تفصیلات جمع کروانے کا پابند کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفصیلات جمع نہ کرانے والے امیدواروں کو سرکاری نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عام انتخابات میں کامیاب قرار دیئے گئے امیدوار انتخابی مہم کے دوران اخراجات کی تفصیلات جمع کروانے کے پابند ہیں، اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے امیدواروں کی کامیابی کا سرکاری نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کی روشنی میں کامیاب امیدوار انتخابی اخراجات کی تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرارہے ہیں۔

عمران خان




پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے چاروں صوبوں سے انتخابات میں حصہ لیا۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے 5 حلقوں سے پنجہ آزمائی کی اور پانچوں میں کامیابی حاصل کی۔ عمران خان نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروا دی ہیں، جس کے مطابق انہوں نے حلقے میں انتخابی مہم پر 9 لاکھ 97 ہزار 925 روپے خرچ کیے۔ اس کے علاوہ عمران خان نے اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 میں انتخابی مہم پر 38 لاکھ 11 ہزار سات سو پچاس روپے خرچ کیے۔
شہباز شریف



مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132 سے کامیاب ہوئے ہیں، اس حلقے میں انہوں نے 19 لاکھ 34 ہزار 447 روپے خرچ کیے، ریٹرننگ افسر کے سامنے جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے گاڑیوں میں ایندھن کی مد میں 6 لاکھ جب کہ اشتہاری مہم پر11 لاکھ روپے خرچ کیے۔

بلاول بھٹو زرداری




پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 200 سے کامیاب قرار دیئے گئے ہیں، انہوں نے اپنے وکیل آصف سومرو کے توسط سے ریٹرننگ افسر کے سامنے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرادی ہیں جس کے تحت انہوں نے حلقے میں 33 لاکھ 36 ہزار 106 روپے خرچ کئے۔

فریال تالپور




آصف زرداری کی ہمشیرہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 10 سے کامیاب قرار پائی ہیں، انہوں نے الیکشن مہم میں 18 لاکھ 26 ہزار روپے خرچہ دکھایا ہے۔

رانا ثناء اللہ




کم وبیش 10 برس تک پنجاب کے وزیر قانون رہنے والے رانا ثناء اللہ اس مرتبہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر ناکام ہوگئے تاہم قومی اسمبلی میں انہوں نے رسائی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے ایم این اے کی نشست کے لیے 32 لاکھ 25 ہزار روپے خرچ کیے۔

حمزہ شہباز




مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی جانب سے این اے 124 کے ریٹرننگ افسر کے روبرو انتخابی اخراجات کی جو تفصیلات جمع کروائی گئی ہیں ان کے مطابق انہوں نے 18 لاکھ 50 ہزار 625 روپے خرچ کیے۔

علیم خان




تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 سے کامیابی حاصل کی، انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں 39 لاکھ 84 ہزار500 روپے کا خرچہ ظاہر کیا ہے۔
Load Next Story