پاک اسکاٹ لینڈ میچز پر بارش کا خطرہ منڈلانے لگا

گرین شرٹس کے پہنچتے ہی گلاسگو جل تھل ہوگیا، کھلاڑیوں کو سرد موسم سے ہم آہنگ ہونے کا بھی چیلنج درپیش، مقابلوں کے۔۔۔

40 سینٹی گریڈ گرمی سے یہاں آئے ہیں، ماحول میں رچنے بسنے میں وقت لگے گا جو ہمارے پاس نہیں ہے، ٹور اسکاٹش اور پاکستان کرکٹ کیلیے بہتر ثابت ہوگا، واٹمور فوٹو فائل

پاکستانی ٹیم کے پہنچتے ہی گلاسگو جل تھل ہوگیا، جمعے اور اتوار کو اسکاٹ لینڈ سے شیڈول میچز پر بارش کا خطرہ منڈلانے لگا، کھلاڑیوں کو سرد موسم سے ہم آہنگ کرنے کا بھی چیلنج درپیش ہے۔

کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ ہم 40 سینٹی گریڈ گرمی سے یہاں آرہے ہیں، یہاں کے ماحول میں رچنے بسنے کیلیے وقت لگے گا جو ہمارے پاس نہیں ہے۔ ادھر اسکاٹ لینڈ نے اسکواڈ کا اعلان کردیا، منیب اقبال کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا، نئے کپتان کائل کوئٹزیر کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے اعتماد میں اضافے کیلیے ٹاپ ٹیم کے خلاف فتح حاصل کرنا ہوگی۔ ہم مہمان سائیڈ کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے ٹور کے پہلے مرحلے میں اسکاٹ لینڈ پہنچ گئی جہاں اسے جمعے اور اتوار کو دو ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، گرین شرٹس کو گلاسگو میں صرف یخ بستہ ہواؤں کا ہی نہیں بلکہ تیز بارش کا بھی سامنا کرنا پڑا، گذشتہ روز وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، میچزکے موسم سے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ پاکستان کی سخت گرمی سے جانے والے کھلاڑیوں کو وہاں کے سرد موسم سے ہم آہنگ ہونے کا سخت چیلنج درپیش بھی درپیش ہے۔

کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ چند دنوں بعد ایک اہم ترین ٹورنامنٹ شروع ہو گااور اسکاٹ لینڈ کا یہ دورہ اس ایونٹ کیلیے ہماری تیاریوں کا حصہ ہے، موسم کے بارے میں کچھ نہیں کیا جاسکتا ہمیں جیسا بھی ملے ہم اس سے خوش ہیں، ہم40 سینٹی گریڈ گرمی سے یہاں آئے ہیں، ماحول میں رچنے بسنے کیلیے وقت لگے گا جو ہمارے پاس نہیں ہے،میرے خیال میں یہ ٹور اسکاٹش کرکٹ اور ہمارے لیے بہتر ثابت ہوگا۔ پاکستان نے آخری مرتبہ اسکاٹ لینڈ کا دورہ 2006 میں کیا تھا جب ایڈنبرا میں 37 بالز قبل ہی 5 وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔




اب اگر موسم نے اجازت دی تو دوبارہ یہیں پر میچز کھیلے جائیں گے۔ اسکاٹ لینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کیلیے کائل کورئٹزیر کو کپتان مقرر کیا، انھوں نے کہا کہ یہ میرا بطور کپتان مشکل آغاز ہے لیکن میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ اگر ہم نے پاکستان جیسی ٹیم کو ہرا دیا تو اس سے ہمارا خود پر یقین اور اعتماد بڑھے گا اور ہم مستقبل میں بھی کامیابیاں سمیٹ سکیں گے، ماضی میں ہم لوگ امید رکھتے تھے کہ میچز میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے مگر کبھی جیتنے کا نہیں سوچا تھا لیکن اب یہ رویہ تبدیل ہوچکا،آپ اس بارے میں ماجد حق، پریسٹن مومسین یا پھر رچی برنگٹن سے بات کرکے دیکھ لیں۔

ان میں سے ہر ایک صرف اچھا کھیلنے میں نہیں بلکہ کامیابی میں دلچسپی رکھتا ہے، ہم میں سے زیادہ تر کرکٹر اب فل ٹائم بنیادوں پر کھیل رہے اور یہ ہماری زندگی بن چکا ہے، ہم اب کامیابیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں، ہم نے بنگلہ دیش کو شکست دی اور اب ایک بار پھر ویسی کارکردگی دہرانا چاہتے ہیں، میں جانتا ہوں کہ پاکستان فیورٹ ہے لیکن ہم بھی اس کے خلاف 100 فیصد پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔ دریں اثنا اسکاٹ لینڈ نے پاکستان کے خلاف میچز کے اسکواڈ کا اعلان کردیا، ایسیکس کیخلاف 64 رنز بنانے والے سابق انڈر 19 بیٹسمین فریڈی کولمین کو منتخب کیا گیا۔

ماجد حق کو اسکاٹ لینڈ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز حاصل کرنے کیلیے مزید ایک شکار کی ضرورت ہے ،وہ اس وقت 41 وکٹوں کے ساتھ جان بلین کے ساتھ موجود ہیں۔ نائب کپتان پریسٹن مومسین ہوں گے جبکہ کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز رچی بیرنگٹن اور منیب اقبال کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، آل راؤنڈر روب ٹیلر کو لیسٹرشائر کی جانب سے اچھی کارکردگی پیش کرنے کا صلہ مل گیا، منتخب اسکواڈ میں کپتان کائل کوئٹزیر، مومسین، بیرنگٹن، نیل کارٹر، فریڈی کولمین، جوش ڈیوے، گورڈن ڈرمونڈ، ماجد حق، منیب اقبال، میٹ مرچنٹ، ڈیوڈ مرفی، روب ٹیلر اور ای ین وارڈ لا شامل ہیں۔
Load Next Story