روم ماسٹرز ٹینس سالگرہ کے دن اینڈی مرے کی کمر جواب دے گئی

برطانوی اسٹار کے ریٹائرڈ ہونے پر مارسیل گرینولرز نے تیسرے راونڈ میں قدم رکھ دیے.

روم ٹینس: گرینولرزکیخلاف دوسرے رائونڈ میچ میں اینڈی مرے تکلیف کی شدت سے کراہ رہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

MUZAFFARABAD:
برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے روم ماسٹرز کے سیکنڈ راؤنڈ میں انجری کا شکار ہوگئے۔

ابتدائی سیٹ میں ناکامی کے بعد دوسرے میں ٹائی بریکر پر فتح کے ذریعے میچ میں واپس آنے والے اینڈی کی کمر سالگرہ کے دن جواب دے گئی،اگرچہ انھوں نے کورٹ میں طبی امداد بھی لی لیکن کھیل جاری رکھنے کے قابل نہیں ہوپائے، ان کے ریٹائرڈ ہوجانے پر اسپین کے مارسیل گرینولرز نے تیسرے راؤنڈ میں قدم رکھ دیے۔

ویمنزسنگلز میں دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا نے اسپینش کوالیفائر گاربین مگروزا کو قابو کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق روم ماسٹرزمیں برطانوی اسٹار اینڈی مرے کیلیے26ویں سالگرہ کا دن خوشگوار نہیں رہا، کمر اور کولہے میں تکلیف کے بعد انھیں دوسرے راؤنڈ میں دستبردار ہونا پڑا، ابتدائی سیٹ 3-6 سے ہارنے کے بعدانھوں نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے دوسرا سیٹ ٹائی بریکر پر 7-6 سے جیتا، اس کے بعد ان کی ہمت جواب دے گئی، گذشتہ برس بھی وہ اسی ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ سے باہر ہوگئے تھے۔




یوکرین کے الیگزینڈر ڈولگوپولوف کو تیسرے مرحلے تک پہنچنے میں کوئی مشکل پیش نہیںآئی ، ان کے مدمقابلسوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا نے تھائی انجری کے سبب انھیں واک اوور دے دیا،انھیں یہ تکلیف گذشتہ ہفتے لاحق ہوئی تھی،فرانس کے جائلز سیمون نے روسی پلیئر میخائل یوزنی کا قصہ 7-5،6-3 سے تمام کردیا، فرانس کے بنیوئٹ پائر نے پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے ہموطن جولین بینیٹو کو پچھاڑا۔

ان کی جیت کا اسکور 6-7(3/7)،6-4 اور 7-6(7/4) رہا، ویمنز سنگلز میں دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا نے اپنے سفر کا آغاز کرتے ہوئے اسپینش کوالیفائر گاربین مگروزا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-2،6-2 سے مات دے دی، سابق فرنچ اوپن فاتح چین کی لینا نے ہموطن ژینگ ژی کو 6-3،6-1 سے رخصت کردیا، آسٹریلیا کی 9 سیڈ سمانتھا اسٹوسر نے دوسری چینی پلیئر پینگ شوئی پر7-6(7/5) اور 6-0 سے غلبہ پایا۔

روس سے تعلق رکھنے والی 12 سیڈ ماریا کریلنکو نے امریکی حریف وارویرا لیپچنکو کو 6-3،6-1 سے زیر کرلیا، 13سیڈ میزبان اطالوی پلیئر روبریٹا ونسی نے ہموطن نستاسجا برنیٹ کو 6-1،6-4 سے شکست دے کر سفرجاری رکھا، ڈومنیکا سبولکووا نے امریکی کوالیفائر میلین اوڈین کو 5-7،6-1اور 6-3 سے مات دی۔
Load Next Story