حکومت سندھ نے این اے250میں دوبارہ پولنگ کرانے سے معذرت کر لی

19 مئی کو پولنگ کیلیے حالات سازگار نہیں ہیں،حکومت سندھ،حلقے میں 11 مئی کو ووٹنگ کا عمل مکمل نہیں ہوسکا تھا

19 مئی کو پولنگ کیلیے حالات سازگار نہیں ہیں،حکومت سندھ،حلقے میں 11 مئی کو ووٹنگ کا عمل مکمل نہیں ہوسکا تھافوٹو: وکی پیڈیا

نگراں حکومت سندھ نے این اے 250کے کچھ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے سے معذرت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو بذریعہ خط آگاہ کیاہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس حلقے میں19 مئی کو انتخابات نہیں کرا سکتے واضح رہے کے مذکورہ حلقے میں الیکشن کمیشن نے19 مئی کوانتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔

دریں اثنا اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد وسیم اور اسپیشل سیکریٹری داخلہ مدثر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم دونوں اعلیٰ افسران نے موبائل فون ریسیو کرنے سے گریزکیا ۔ حلقہ این اے250 میں11 مئی کو الیکشن کمیشن کے عملے کی بدنظمی کے باعث پولنگ روکنا پڑی تھی اور کئی حلقوں میں پولنگ6 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوئی تھی جس کے بعد یہاں پولنگ کا عملہ روک دیا گیا تھا اور الیکشن کمیشن نے یہ اعلان کیا تھا کہ اتوار19 مئی کو یہاں کے43 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔




اس حلقے میں متحدہ قومی موومنٹ کی خوش بخت شجاعت اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ جماعت اسلامی نے الیکشن کا بائیکاٹ کردیا تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے صرف43 پولنگ اسٹیشنز میں دوبار ووٹنگ کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے تحت صوبائی الیکشن کمیشن کے باہر28 گھنٹے سے زیادہ دھرنا جاری رہا بعد ازاں حکومت سندھ نے حلقے کی سیکیورٹی حالت کو ناسازگار قرار دیکر19 کو الیکشن کرانے سے معذرت کرلی۔

Recommended Stories

Load Next Story