کراچی فائرنگ کے واقعات میں مذہبی کارکن سمیت5افراد ہلاک

رتن تلاؤ کے قریب 10لاکھ بھتہ نہ ملنے پر لیاری گینگ کے ملزمان کی فائرنگ

رتن تلاؤ کے قریب 10لاکھ بھتہ نہ ملنے پر لیاری گینگ کے ملزمان کی فائرنگ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں اہلسنت و الجماعت کا علاقائی عہدیدار سمیت 5 افراد ہلاک اورخاتون سمیت8 زخمی ہو گئے۔

پریڈی کے علاقے رتن تلاؤ اردو بازار کے قریب میگنٹ کوائل بنانے والے نیوسلیمی آٹوز پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 25 سالہ سمیر ولد شفیق جاں بحق جبکہ دکان کا کاریگر 35 سالہ ارشد اور قریب ہی دکان پر بیٹھا ہوا کاشف زخمی ہوگیا فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا ، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لیاری گینگ کا کارندہ خلیل بلوچ لی مارکیٹ والا رتن تلاؤ سمیت ملحقہ علاقوں میں لیتھ مشین کی دکانوں سے فی دکان 300 روپے ہفتہ وصول کر رہا ہے۔

جبکہ علاقے میں 250 سے زائد دکانیں ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک روز قبل لیتھ مشین کا کام کرنے والے 2 کارخانے دار 4 ، 4 لاکھ روپے بھتہ دے کر آئے ہیں، لیاری گینگ کے ملزمان نے نیو سلیمی آٹوز کو 10 لاکھ روپے بھتے کی پرچی دی تھی اور نہ دینے پر ملزمان نے دکان پر فائرنگ کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے بھتہ نہ دینے پر لیاری گینگ کے کارندے اب تک پریڈی تھانے کی حدود میں کئی افراد کو موت کے گھاٹ اتار چکے ہیں جبکہ پولیس دکانداروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ، مقتول سمیر جوڑیا بازار کا رہائشی تھا اور والدین کی اکلوتی اولاد تھا۔




کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب ریتی بجری ٹرک اسٹینڈ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے40سالہ حافظ محمد سجاد ولد محمد نواز زخمی ہو گیا جو جناح اسپتال پہنچائے جانے سے قبل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ اہلسنت و الجماعت کے کارکنوں کی بڑی تعداد جناح اسپتال پہنچ گئی جہاں مشتعل افراد نے نعرے بازی کی، اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید فاروقی نے ایکسپریس کو بتایا کہ حافظ محمد ساجد کو11مئی کو ایک پولنگ اسٹیشن پر قتل کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ ترجمان نے بتایا کہ مقتول کے جنازے پر کورنگیR ایریا میں مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ سے کارکن18سالہ رضوان ولد عبدالسبحان بنگالی زخمی ہو گیا اور6کارکنوں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول مکان نمبر821 سیکٹر33/Eکورنگی ویٹا چورنگی کے قریب کا رہائشی تھا۔ ایس ڈی پی او کورنگی ڈی ایس پی قاسم غوری نے بتایا کہ جنازے پر فائرنگ نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی کارکن اغوا ہوا، جنازے کے ساتھ وہ اور ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا محمد علی نیازی کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری موجود تھی، انھوں نے بتایا کہ رضوان آپس کی فائرنگ میں زخمی ہوا ہے۔ شیرشاہ کے علاقے اکبر روڈ اتفاق گودام کے قریب کے رہائشی28سالہ حنیف خان ولد نذیر خان کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے مقتول کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی، پولیس کے مطابق واقعہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ کھارادر کے علاقے کتیانہ میمن اسپتال کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ عدنان زخمی ہو گیا۔

جسے طبی امداد کے لیے لیاری جنرل اسپتال لے جایا گیا۔ بریگیڈ تھانے کے علاقے لائنز ایریا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے کارکن عمران گجر کی مبینہ ہلاکت کی افواہ پر پولیس کی دوڑ لگ گئی، ایس ایچ او بریگیڈ انسپکٹر جاوید گجر نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس لائنز ایریا میں جائے وقوع تلاش کرتی رہی تاہم کسی نے واقعے کی تصدیق نہیں کی جبکہ جناح اسپتال کے ایم ایل او نے بھی بریگیڈ کے علاقے میں کسی شخص کی ہلاکت کی انٹری نہیں کرائی۔نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 5-E مدینہ کالونی میں فائرنگ سے 55 سالہ بندن بی بی زوجہ نور محمد زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔کورنگی کے علاقے ڈھائی نمبر غریب نواز چوک کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 32 سالہ علی حسین ہلاک ہوگیا۔

جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لائی گئی، کورنگی پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو جسم پر 5 گولیاں لگی تھیں ،مقتول کورنگی ڈھائی نمبر بنگالی پاڑا گلی نمبر 6 کا رہائشی تھا ، مقتول نماز پڑھنے کے لیے مسجد کی جانب جا رہا تھا کہ اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا پولیس نے واقعے کو دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔ سہراب گوٹھ کے علاقے احسن آباد میں 2 گروپوں کے درمیان مسلح تصادم میں فائرنگ سے صابر قریشی اور عدنان سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا۔

پیرآباد کے علاقہ بنارس پل کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جہاں اس کا نام فیصل بتایا گیا تاہم متوفی کے اہلخانہ لاش بغیر پولیس کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی کے سر پر چوٹ کا نشان تھا اور ایسا لگ رہا تھا اس کے سر پر بھاری چیز لگی تھی ، متوفی بنارس کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔

Recommended Stories

Load Next Story