این اے 250 کے پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کا ایم کیوایم کا مطالبہ مسترد

الیکشن کمیشن نے ایم کیوایم اورتحریک انصاف کا مؤقف سننے کے بعد حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا

سماعت کے موقع پر ایم کیوایم کی جانب سے ڈاکٹرفاروق ستار، بابر غوری جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے عارف علوی،اسحاق خاکوانی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے این اے 250کے پورے حلقے میں پولنگ کرانے کا ایم کیوایم کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقے کے صرف 43 پولنگ اسٹیشنز پر ہی دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے اورانتخابات کے دن پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اورباہر فوج بھی تعینات کی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنرجسٹس(ر)فخر الدین جی ابراہیم کی زیر صدارت کراچی کے حلقہ این اے 250 پر دوبارہ انتخابات کرانے کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اس موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے فاروق ستار، بابر غوری جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عارف علوی، اسحاق خاکوانی اور دیگر رہنما پیش ہوئے، الیکشن کمیشن نے دونوں جماعتوں کا مؤقف سننے کے بعد حلقہ این اے 250 پر دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔


دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 19 ہری پور میں 22 مئی کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کا حکم دیا ہے، تحریک انصاف کے امیدوار راجا عامر زمان کے ہاتھوں شکست کھانے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عمر ایوب نے الیکشن کمیشن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کی درخواست دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ حلقہ این اے 250 پر تحریک انصاف اوردیگر جماعتوں کی جانب سے مبینہ دھاندلی کے الزام کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقے کے نتائج روک کر 43 پولنگ اسٹیشنر پر دوبارہ انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا جس پر ایم کیو ایم نے صوبائی الیکشن کمیشن آفس کے سامنے دھرنا دے کر مطالبہ کیا تھا کہ انصاف کے تقاضے تب ہی پورے ہوں گے جب حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔
Load Next Story