غلام مرتضی جتوئی کی نیشنل پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن میں ضم

سندھ میں انتخابات میں دھاندلی ہوئی اور ہمیں 3 نشستوں پر زبردستی ہرایا گیا،غلام مرتضی جتوئی

پیپلزپارٹی نے اپنے دوراقتدار میں تمام قومی ادارے تباہ کیے، ہمیں نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے،غلام مرتضی جتوئی فوٹو:ایکسپریس نیوز

نیشنل پیپلزپارٹی کے چیرمین غلام مرتضی جتوئی نے نیشنل پیپلزپارٹی کو مسلم لیگ(ن) میں ضم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نیشنل پیپلزپارٹی کے چیرمین غلام مرتضی جتوئی نے پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کی اوراپنی جماعت کو مسلم لیگ(ن) میں ضم کرنے کا اعلان کیا، ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دوراقتدار میں تمام قومی ادارے تباہ کیے، ہمیں نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں انتخابات میں دھاندلی ہوئی اور ہمیں 3 نشستوں پر زبردستی ہرایا گیا لہٰذا ہم نے ان حلقوں پرالیکشن کمیشن سے دوبارہ گنتی کی درخواست کی ہے۔


اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف نے کہا کہ نئی حکومت تمام عوامی مسائل حل کرے گی، یورپی مبصرین نے انتخابات کو 90 فیصد شفاف قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے انتخابات کے بعد آج پتا چلا کہ صدرآصف زرداری کے بہنوئی کوسندھ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری مقررکیاگیا، نگراں وزیراعظم صدرآصف زرداری کا قلمدان چلا رہے ہیں وہ صرف صدر زرداری کی بات سن رہے اگرنگراں وزیراعظم کا رویہ یہی رہا تو ہمیں سخت مؤقف اختیار کرنا پڑے گا، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا، سندھ میں جس کو مینڈیٹ ملا ہے ہم اس اس کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور جہاں جہاں دھاندلی ہوئی وہاں کارروائی ہونی چاہئے۔

غوث علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کےنگراں وزیراعلیٰ سےمتعلق پہلے ہی تحفظات کا اظہارکرچکے ہیں، سندھ میں اس سے پہلے کبھی اتنی دھاندلی نہیں ہوئی جتنی اس بار دیکھنے میں آئی، امیدواروں نے کلاشنکوف ہاتھ میں لے کر پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی کی ہے، پولیس دھاندلی کرنے والے تمام لوگوں کے ساتھ ملی ہوئی تھی۔

Recommended Stories

Load Next Story