نہری پانی کی قلت کے خلاف کسان سراپا احتجاج

سیکڑوں افراد کا دھرنا، ٹریفک معطل، آبپاشی حکام کے خلاف نعرے، بڑے زمینداروں کو پانی بیچنے کا الزام

چھوٹے آبادگاروں کا پانی جان بوجھ کر بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث غریب اور چھوٹے آبادگار خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ فوٹو: فائل

پانی کی قلت کیخلاف سیکڑوں آبادگاروں کا قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنا، محکمہ آبپاشی کے خلاف شدید نعرے۔

تفصیلات کے مطابق میرپوربٹھورو کے سیکڑوں آبادگاروں نے سردار منیر الحق زنٹور اور عطا قریشی کی قیادت میں پانی کی شدید قلت کے خلاف آبپاشی دفتر سجاول کے سامنے قومی شاہراہ پتن ناکا پر مظاہرہ کیا ٹائر جلائے اور احتجاجی دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک کئی گھنٹے معطل رہی، مظاہرین نے آبپاشی افسران کیخلاف نعرے بھی لگائے۔




اس موقعے پر رہنماؤں نے صحافیوں کو بتایا کہ تحصیل میرپوربٹھورو کے مختلف نہروں اور شاخوں، فتح واہ، گھاڑی واہ، شاہ واہ، جعفر واہ ودیگر میں 2ماہ سے پانی کی قلت ہے جس کے باعث وہ فصلوں کی بوائی بھی نہیں کرسکے، جبکہ گنا، سبزی اور دیگر فصلیں پانی نہ ہونے کے باعث سوکھ رہی ہیں۔ آبپاشی افسران بڑے زمینداروں کو غیرقانونی طریقے سے پانی فروخت کررہے ہیں اس لیے چھوٹے آبادگاروں کا پانی جان بوجھ کر بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث غریب اور چھوٹے آبادگار خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فوری طور پر میرپوربٹھورو کی مذکورہ نہروں اور شاخوں پر پانی چھوڑا جائے۔
Load Next Story