جی ڈی اے نے پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا

ملک کی بہتری کیلیے عمران کا ساتھ دینگے، پیرپگارا، سندھ میں جوائنٹ اپوزیشن بنائیں گے،شاہ محمود

تحریک انصاف کے وفدکی کنگری ہائوس میں پیرپگارا سے ملاقات، حکومت سازی پر گفتگو ۔ فوٹو: ایکسپریس

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر عہدوں پر نامزد ہونے والے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کردیاہے.

جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ عمران خان ملک و قوم کی بہتری کے لیے آگے بڑھیں ہم ان کے لیے مشکلات پید انہیں کریں گے بلکہ ہر موقع پر ان کا ساتھ دیں گے۔

تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، ڈاکٹر عارف علوی اور عمران اسماعیل پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے جمعرات کی شام کنگری ہاؤس کراچی میں جی ڈی اے کے سربراہ پیرپگارا سے ملاقات کی اور ان سے وفاق میں پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سازی اور دوسرے اہم سیاسی امور پر گفتگو کی۔

اس موقع پر جی ڈی اے کے رہنما پیر صدر الدین شاہ راشدی، غوث علی شاہ ، علی گوہر خان مہر، فہمیدہ مرزا، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، حسنین مرزا، غوث بخش خان مہر اور دیگر بھی موجود تھے۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان بات چیت کے دوران مرکز میں حکومت سازی اور سندھ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


پی ٹی آئی کے وفد نے پیر پگارا کو عمران خان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی نے پیر پگارا اور جی ڈی اے کی لیڈر شپ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو بہت مفید قرار دیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو اس بار سندھ سے اتنی نشستیں ملی ہیں جو اسے بے نظیر کی شہادت کے بعد بھی نہیں ملی تھیں پھر وہ کونسی دھاندلی کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ سندھ کے عوام نے جی ڈی اے کو ووٹ دیے لیکن جیت پیپلزپارٹی کی نظر آئی۔

رہنما تحریک انصاف نے کہاکہ سندھ میں جوائنٹ اپوزیشن بنائی جائے گی جس میں جی ڈی اے اورایم کیوایم بھی ہمارے ساتھ ہوگی۔ پنجاب سے23 آزاد امیدوار ہمارے ساتھ آگئے ہیں اب پنجاب میں ہماری تعداد146ہوگئی ہے۔ پیرپگارا نے کہاکہ جی ڈی اے ہر قدم پرعمران خان کے ساتھ کھڑی نظر آئے گا۔ عمران خان بہتری کے لیے آگے بڑھیں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ایم کیوایم کی ایک سیاسی حیثیت ہے اس کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں سب کو ساتھ لے کرچلیں گے۔ ایک سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دیکھ لیں جہانگیر ترین میرے کتنے قریب ہیں اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں۔
Load Next Story