بھکر مردوں کا گوشت کھانے والے 2بھائیوں کو قید اورجرمانے کی سزا

عدالت نےعارف اور فرمان نامی دو بھائیوں کو مجرم قرار دیتے ہوئے ایک ایک سال قید اور2،2 لاکھ روپے جرمانےکی سزا سنائی ہے

دریا خان پولیس نے2 برس قبل ایک گھر سے خاتون کی لاش کے کچھ حصے برآمد کرتے ہوئے دو بھائیوں عارف اور فرمان کو گرفتار کیا تھا۔ فوٹو : فائل

عدالت نے مردوں کا گوشت کھانے والے دو بھائیوں کو ایک ایک سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ بھکر نے ملزمان عارف اور فرمان نامی دو بھائیوں کو مردوں کو قبروں سے نکال کر ان کا گوشت کھانے کا مجرم قرار دے دیا ہے، عدالتی فیصلے کے مطابق دونوں ملزمان کو ایک ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ ان پر 2 ،2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ دریا خان پولیس نے2 برس قبل نواحی علاقے کھاوڑ کلاں کے ایک گھر سے خاتون کی لاش کے کچھ حصے برآمد کرتے ہوئے دو بھائیوں عارف اور فرمان کو گرفتار کیا تھا، دونوں ملزمان پر قبروں سے مردے چوری کرکے ان کا گوشت کھانے کا الزام تھا۔


Load Next Story