کراچی ڈیفنس میں فائرنگ سے تحریک انصاف سندھ کی سینئر نائب صدر جاں بحق

2 گھات لگائے ملزمان نے زہرہ شاہد کے گھر پہنچتے ہی ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔

زہرہ شاہد حسین گزشتہ 17 سال سے تحریک انصاف سے وابستہ تھیں اور پارٹی کے خواتین ونگز کی صدر بھی رہیں۔

ڈیفنس فیز 4 کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف سندھ کی سینئر نائب صدر زہرہ شاہد حسین جاں بحق ہوگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 2 ملزمان زہرہ شاہد حسین کے گھر کے باہر گھات لگا کر بیٹھے تھے اور ان کے پہنچتے ہیں انہوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں، انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ زہرہ شاہد حسین گزشتہ 17 سال سے تحریک انصاف سے وابستہ تھیں اور پارٹی کے خواتین ونگز کی صدر بھی رہیں۔


ایس ایس پی ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ زہرہ شاہد حسین کی بیٹی اور ڈرائیور سے معلومات حاصل کی گئی ہیں اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ اسٹریٹ کرائم میں مزاحمت کا نتیجہ ہے۔

تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے زہرہ شاہد حسین کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی کراچی میں جان کا خطرہ لاحق ہے لہٰذا انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ زہرہ شاہد کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔

 
Load Next Story