تحریک انصاف کی ایاز صادق کو الیکشن سے متعلق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

اسد قیصر ، پرویز خٹک، فواد چودھری اور شفقت محمود پر مشتمل پی ٹی آئی وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات

وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا،ترجمان پی ٹی آئی

تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی اور وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسپیکر ہاوٴس میں ملاقات کی۔ تحریک انصاف کے وفد میں نامزد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک، مرکزی ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری اور شفقت محمود شامل تھے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس سمیت نئے اسپیکر کے انتخاب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کے الیکشن سے متعلق تحفظات دورکریں گے جب کہ اپوزیشن ارکان کی تعداد بہت بڑی ہے، ملک کودرپیش مسائل کے حل کے لئے ملکر چلنے کی ضرورت ہے، احتساب ملک کے لئے ضروری ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف (ن) لیگ سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں سے ورکنگ ریلیشنز کے قیام کو اہم سمجھتی ہے، تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا، ایاز صادق سے ملاقات کا مقصد بھی (ن) لیگ کے پارلیمانی رہنما کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دینا ہے۔


اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی ایوان کے معاملات مشاورت سے چلانا چاہتی ہے اور قومی اسمبلی میں انتخابات کے معاملات پر بات چیت کے لیے بھی تیار ہے، بطور اسپیکر پہلے اجلاس کی کارروائی قواعد کے مطابق چلاؤں گا، پی ٹی آئی وفد نے الیکشن سے متعلق تحفظات پر بھی بات کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے پارلیمنٹ لاجز میں نئی الاٹمنٹس پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے جب کہ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لئے مقابلے کی صورت میں سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ پر بھی اعتراض کیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایاز صادق نے تحریک انصاف کے وفد سے اسپیکر کی حیثیت سے ملاقات کی ہے اور یہ ملاقات دو پارٹیوں کے مابین نہیں ہوئی۔

Load Next Story