نومنتخب اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی کی حلف برداری اپوزیشن کا احتجاج

اپوزیشن ارکان نے بازوؤں پرسیاہ پٹیاں باندھ کرخیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں شرکت کی

اجلاس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں: فوٹو: احتشام بشیر

خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھالیا جس میں اپوزیشن نے بازوؤں پرسیاہ پٹیاں باندھ کرشرکت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس پریذائیڈنگ ممبر اورنگزیب نلوٹھا کی صدارت میں شروع ہوا، انہوں نے نومنتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیا، اجلاس میں اپوزیشن ارکان سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے جبکہ اپوزیشن ارکان حلف کے لیے دیر سے پہنچے جس کے باعث 15 اپوزیشن ارکان سے بعد میں حلف لیا گیا۔


اولین اجلاس میں شرکت کے لیے نو منتخب ارکان کے ہمراہ بڑی تعداد میں عزیز و اقارب ساتھ آئے جس کے باعث مہمانوں کی گیلری میں جگہ کم پڑ گئی اور مہمانوں نے کھڑے ہو کر حلف برداری کی تقریب دیکھی۔ اجلاس کے لیے کئی ارکان نئے کپڑے پہنے قیمتی گاڑیوں میں آئے جبکہ خواتین بھی اجلاس میں شرکت کے لیے خوب بن سنور کر آئیں، اجلاس میں اے سی خراب ہونے کی وجہ سے اسمبلی ہال میں شدید گرمی رہی

اسد قیصر، پرویزخٹک، ڈاکٹر حیدرعلی، علی امین گنڈا پور اور امیر حیدرہوتی کے قومی اسمبلی جانے کے باعث صوبائی اسمبلی کی نشستیں خالی رہ گئی ہیں جب کہ 3 حلقوں پرالیکشن ہونا ہے۔ سابق وزیراعلی اکرم خان درانی کی پانچ سال بعد صوبائی اسمبلی میں واپسی ہوئی ہے، سابق وزیرقانون ملک ظفراعظم دس سال بعد اسمبلی کے رکن بنے ہیں۔
Load Next Story