پیپلز پارٹی اور ن لیگ اکٹھے نہیں چلیں گے شیخ رشید

 آصف زرداری سب سے سیانے سیاست دان ہیں، انہیں پتا ہے کب کیا کرنا ہے، شیخ رشید

22 سال سے مولانا فضل الرحمان نے اسلام اور کشمیر کے لیے کیا کیا، شیخ رشید فوٹو: فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ اکٹھے نہیں چلیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قوم نے عمران خان کے کندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے، جمہوریت کو آگے لے کر چلیں گے، آرام کو خود پر حرام قرار دے کر عوام کا پاکستان بنانے کے لیے کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے، اللہ نے آج ہمیں مضبوط اور محفوظ پاکستان دیا ہے، میں مولانا فضل الرحمان کو بھی جشن آزادی کی مبارکباد دے رہاہوں جب کہ 22 سال سے مولانا فضل الرحمان نے اسلام اور کشمیر کے لیے کیا کیا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : 15 ویں قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس، ارکان نے حلف اٹھالیا

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے اتحاد سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اکھٹے نہیں چلیں گے، آصف زرداری 14 سال کی دوشیزہ نہیں وہ سب سے سیانے سیاست دان ہیں، انہیں پتا ہے کب کیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے تھے شیخ رشید اسمبلی میں نہیں ہوگا، آج شیخ رشید اسمبلی میں ہے اور وہ لوگ کہیں اور ہیں، آج میں نے اسپیکر صاحب کو مبارکباد دے کر کہا اب کس کا مائیک بند کرو گے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان جہاں مناسب سمجھیں گے وہاں مجھے لگائیں گے، عمران خان کی حکومت میں شیخ رشید کی آواز غریبوں کی آواز ہوگی۔
Load Next Story