باکسنگ میتھائسی نے لیمونٹ پیٹرسن کو ٹھکانے لگادیا

فاتح کی اگلی منزل ڈینی گارشیا سے مقابلہ ہوگی، جیت پر عامر کا سامنا رہے گا.

آئی بی ایف چیمپئن ڈیون الیگزینڈر نے لی پرڈی کا قصہ 7 راؤنڈ میں تمام کردیا۔ فوٹو: فائل

آئی بی ایف لائٹ ویلٹر ویٹ چیمپئن لیمونٹ پیٹرسن کو نان ٹائٹل باؤٹ میں ارجنٹائن کے لوکاس میتھائسی نے ہرادیا۔

انھوں نے لیمونٹ کو دوران فائٹ تین مرتبہ کینوس پر گرایا، اس فائٹ میں کامیابی کے بعد لوکاس میتھائسی نے رواں برس کے اواخر میں ڈبلیو بی سی ویلٹر ویٹ چیمپئن ڈینی گارشیا سے مقابلے کا اہتمام کرلیا، اس فائٹ کا فاتح ممکنہ طورپر پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سے ٹکرائے گا، میتھائسی نے لیمونٹ پیٹرسن کیخلاف فتح کی بدولت اپنے ریکارڈ کو 34-2 سے بہتر کیا، اس میں 32 مرتبہ انھوں نے مقابلہ ختم ہونے سے قبل ہی حریف کی چھٹی کی ہے۔




لیمونٹ پیٹرسن نے ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میتھائسی نے عمدہ کھیل پیش کیا، مجھے اس ہار پر کوئی شکایت نہیں ہے، اس نے منصفانہ انداز میں فائٹ جیتی، اس ناکامی کے بعد پیٹرسن کا ریکارڈ 31-21 ہوگیا، وہ اپنے ٹائٹل پر قابض رہیں گے ۔دوسری جانب آئی بی ایف ویلٹر ویٹ چیمپئن ڈیون الیگزینڈر نے سات راؤنڈ تک جاری رہنے والے مقابلے میں انگلش حریف لی پرڈی کو شکست دے دی، انھوں نے حریف کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کیا۔

اگرچہ اس فائٹ میں ناکامی پر بھی وہ ورلڈ ٹائٹل اپنے قبضے ہی میں رکھ پاتے لیکن لی پرڈی کو انھوں نے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے پوری فائٹ میں اپنی بالادستی قائم رکھی، انگلش باکسر گذشتہ دن ہی وزن زائد ہوجانے کی وجہ سے ٹائٹل جیتنے کیلیے نااہل ہوگئے تھے، تاہم چیمپئن ڈیون الیگزینڈر نے اس کامیابی کے ساتھ ہی اپنے ریکارڈ کو 25-1 سے مزید بہتر بنالیا، جس میں 14 ناک آؤٹ فتوحات بھی شامل ہیں، فائٹ کے پہلے راؤنڈ میں اگرچہ ان کے بائیں ہاتھ میںچوٹ لگ گئی تھی لیکن انھوں نے انگلش حریف سے کوئی رحمدلی نہیں دکھائی، الیگزینڈر نے یہ ٹائٹل انھوں نے گزشتہ برس اکتوبر میں امریکی ہموطن رینڈال بیلی کو مات دیکر حاصل کیا تھا۔
Load Next Story