پاکستان میں سرکاری اعلان کے بغیر ہی یوٹیوب بحال

8 ماہ قبل گستاخانہ فلم کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کے بعد ویب سائٹ بند کی گئی

گزشتہ روز انتہائی خاموشی سے ویب سائٹ کھول دی گئی، صارفین حیران رہ گئے۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں 8 ماہ قبل بلاک کی جانے والی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یو ٹیوب کو بغیر کسی سرکاری اعلان کے انتہائی خاموشی کے ساتھ کھول دیا گیا۔


انٹرنیٹ صارفین گزشتہ روز اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب وہ باآسانی یو ٹیوب پر ویڈیوز دیکھتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ بلاک کیے جانے کے بعد سے وہ وقتاً فوقتاً ویب سائٹ چیک کرتے رہتے تھے لیکن ہمیشہ بلاک ہی ملتی تھی۔ گزشتہ روز بھی جب حسب عادت ویب سائٹ کو چیک کیا تو وہ فعال ملی۔ ستمبر 2012 میں یو ٹیوب پر اسلام مخالف فلم اپ لوڈ کردی گئی۔

گستاخانہ فلم کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بعدازاں پاکستان میں گستاخانہ مواد کا معاملہ سپریم کورٹ میں چلا گیا ، 17 ستمبر 2012 کو عدالت عظمیٰ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو انٹرنیٹ پر توہین رسالت پر مبنی گستاخانہ فلم فوری روکنے کا حکم دیا۔ اس وقت کے وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فوری طور پر یو ٹیوب بند کرنے کا حکم دیا جس کے بعد ویب سائٹ بلاک کردی گئی تھی۔

Recommended Stories

Load Next Story