طالبان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر سنجیدگی سے غورکرناچاہئے نوازشریف

سندھ میں پیپلزپارٹی اورایم کیوایم کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں،دونوں جماعتیں کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتربنائیں

11 مئی احتساب کا دن ثابت ہوا اور مہذب قومیں اسی طرح آئین اور قانون کے مطابق احتساب کرتی ہیں، نواز شریف فوٹو: ایکسپریس

مسلم لیگ(ن) کے صدرنوازشریف نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر سنجیدگی سے غورکرنا چاہئے، انتخابات میں کامیابی دلا کر عوام نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔



لاہور میں مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی اورایم کیوایم کو مینڈیٹ ملا ہم اس کا احترام کرتے ہیں اوردونوں جماعتوں کو چاہئے کہ وہ صوبے خصوصاً کراچی میں امن وامان کی صورتحال کو بہتربنائیں، ہم ان سے ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں، طالبان کی جانب سے مذاکرات کی جو پیش کش کی گئی ہے اس پر سنجیدگی سے غورکرنا چاہئے، دہشت گردی کا مسئلہ حل ہوگا تو معیشت بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی یوم احتساب ثابت ہوا اورمہذب قومیں ایسے ہی احتساب کرتی ہیں، جہاں جہاں جس جماعت کا مینڈیٹ آیا مسلم لیگ(ن) نے اس کو خوش دلی سے تسلیم کیا ہم بھی چاہتے خیبرپختونخوا میں دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنالیتے لیکن ہم نے وہاں ایسا نہیں کیا اور تحریک انصاف کو حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا، صدر آصف زرداری نے بے شک مجھے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد نہیں دی لیکن میں پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں مل کر ملک کو مسائل کے دلدل سے باہرنکالیں۔


مسلم لیگ(ن) کے صدر نے کہا کہ اگر سابق حکمرانوں نے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر تھوڑا بھی کام کیا ہوتا تو یہ مسئلہ اتنا گمبھیر نہ ہوتا جتنا آج ہے، ہماری حکومت اس مسئلے کو ضرور حل کرے گی اور حکومت کی کوشش ہوگی جو کام سالوں میں ہوتے ہیں وہ مہینوں میں ہوں اور جو مہینوں میں ہوتے ہیں وہ دنوں میں ہوں اورعوام کوہماری کارکردگی پہلے 100 دنوں میں نظر آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بے شک سندھ اور خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت نہیں بننے جارہی لیکن ہم ان سے کوئی امتیاز نہیں برتیں گے اور جتنی خدمت پنجاب کے عوام کی کریں گے اتنی ہی ان صوبوں کی بھی کریں گے۔


نوازشریف نے کہا کہ قوم نے 11 مئی کو ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس کے بعد سے دن رات مسائل کے حل کے لئے حکمت عملی تیار کررہے ہیں، عوام نے مسلم لیگ(ن) کو جس طرح کامیابی دلائی ہے ہم ان کے شکر گزار ہیں لیکن راولپنڈی کے عوام نے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کا ساتھ نہیں دیا حالانکہ (ن) لیگ نے پنڈی والوں کا ہمیشہ ساتھ دیا، بہرحال اب ہم ان کا دل جیتنے کی مزید کوشش کریں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story