صدر آصف زرداری کی نواز شریف کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

صدر زرداری نے مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار ولی کو بھی فون کیا اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

نواز شریف نے دیر سے مبارکباد دینے پر صدر سے شکوہ کیا جس پر آصف زرداری نے ان سے معذرت کی۔ فوٹو: فائل

صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کو فون کرکے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

نواز شریف نے انتخابات میں کامیابی کی مبارکباد دینے پر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا لیکن ساتھ ہی ساتھ شکوہ بھی کیا کہ آپ نے مبارکباد دینے میں بہت دن لگادیئے جس پر آصف زرداری نے ان سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ سب کام وقت پر ہوجائیں لیکن کبھی کبھی دیر ہوجاتی ہے۔ اس موقع پر صدر آصف زرداری نے نواز شریف کے بیان کا بھی خیر مقدم کیا۔


اس سے قبل صدر زرداری نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کو بھی فون کیا اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ نواز شریف نے آج لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی آصف زرداری کا انتخابات میں کامیابی کی مبارکباد نہ دینے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بے شک آصف زرداری نے انہیں مبارکباد نہیں دی لیکن وہ پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں سب مل کر ملک کو مسائل کے دلدل سے باہر نکالیں۔
Load Next Story