پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل کیویز کو نیا رہنما مل گیا

ہیسن کی جگہ گیری اسٹیڈ کی 2برس کیلیے بطور ہیڈکوچ تقرری کردی گئی

ہیسن کی جگہ گیری اسٹیڈ کی 2برس کیلیے بطور ہیڈکوچ تقرری کردی گئی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

KARACHI:
پاکستان کے خلاف میدان سنبھالنے سے قبل کیویز کو نیا رہنما مل گیا، سابق بیٹسمین گیری اسٹیڈ کی2 برس کیلیے بطور ہیڈ کوچ تقرری کردی گئی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ نے سابق ٹیسٹ بیٹسمین گیری اسٹیٹ کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، وہ مائیک ہیسن کی جگہ سنبھالیں گے جنھوں نے مزید کام جاری رکھنے سے معذرت کرلی تھی۔

46 سالہ اسٹیڈ اوپننگ بیٹسمین تھے، انھوں نے 1999 میں ڈراپ ہونے سے قبل نیوزی لینڈ کیلیے پانچ ٹیسٹ کھیلے تاہم زیادہ نام کوچنگ میں کمایا، وہ کینٹربری کو تین مرتبہ 2014، 2015 اور 2017 میں ڈومیسٹک ٹائٹل جتوا چکے ہیں، ان کی ہی رہنمائی میں ویمنز ٹیم نے 2009 کے ورلڈ کپ فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔


اسٹیڈ کو 2 برس کا کنٹریکٹ دیا گیا، وہ سابق کوچ مائیک ہیسن کی جانب سے رکھی گئی کامیابی کی بنیاد پر ہی آگے بڑھنا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ مستحکم اور بہترین نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت انتہائی ماہر کین ولیمنسن کے ہاتھوں میں ہے، اس ٹیم میں سیریز اور ٹائٹلز جیتنے کی خواہش پائی جاتی ہے، میرے لیے یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ میں ایسی ٹیم کا کوچ بننے والا ہوں،میں کام شروع کرنے کیلیے مزید انتظار نہیں کرسکتا۔

سابق بیٹسمین پیٹرفلٹن نے بھی امید ظاہر کی کہ اسٹیڈ ہیسن کی محنت کو ہی آگے بڑھائیں گے، انھوں نے کہاکہ اسٹیڈ ایک بہترین منظم اور کھیل کے متعلق کافی سوچ بچار کرنے والے انسان ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ اسٹیڈ بہترین صلاحیتوں سے مالامال اور مضبوط ٹیمپرامنٹ کے مالک ہیں،ہم انکے تقرر پر بہت زیادہ خوش ہیں،ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئے گا۔

 
Load Next Story