ہوم سیریز کا شیڈول پی سی بی کی مشکلات کم ہونے لگیں

جونیئرٹیموں کیلیے آئی سی سی اکیڈمی اوراوول گراؤنڈ کو استعمال کیا جائے گا

افغان لیگ اور ٹی ٹین لیگ کے دوران پاکستانی ٹیم کے صرف ٹیسٹ میچز ہوں گے۔ فوٹو: فائل

ہوم سیریز کے شیڈول پر پی سی بی کی مشکلات کم ہونے لگیں.

پاکستان کو اکتوبر میں یو اے ای میں آسٹریلیا کی میزبانی کرنا ہے، انہی دنوں نیوزی لینڈ کی اے ٹیم بھی وہاں آئے گی جبکہ شارجہ میں افغان لیگ ہونا ہے،اس کے بعد نیوزی لینڈ سے میچز کے دوران ٹی ٹین لیگ کا انعقاد ہوگا، انہی تاریخوں میں انگلینڈ لائنز کو پاکستان اے سے مقابلے کیلیے یو اے ای آنا ہے،پی سی بی کواس وجہ سے شیڈول کی تیاری میں مشکلات کا سامنا تھا مگر اب اس کا حل تلاش کر لیا گیا ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ نیوزی لینڈ اے سے پاکستان اے کے میچز آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں کھیلے جائیں گے، وہاں پاکستانی جونیئر ٹیم پہلے بھی کھیل چکی جبکہ یہ وینیو آئرلینڈ، افغانستان، یو اے ای، اسکاٹ لینڈ و دیگر کے ون ڈے انٹرنیشنل میچزکی بھی میزبانی کا اعزاز پا چکا، انگلینڈ لائنز سے پاکستان اے کی سیریز ابوظبی کے اوول گراؤنڈ پر ہو گی جسے کچھ عرصے قبل اپ گریڈ کیا گیا تھا، وہاں اب فلڈ لائٹس بھی نصب کر دی گئی ہیں۔

پاکستان کے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ میچز ان تاریخوں میں رکھے جائیں گے جب یو اے ای لیگز کی میزبانی کر رہا ہوگا، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پہلے ہی واضح کر چکے کہ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کے دوران امارات میں کوئی لیگ نہیں ہو سکتی، البتہ ٹیسٹ میچز کے دوران ایسا ممکن ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم پاکستان سے2 ٹیسٹ اور3 ٹوئنٹی20 میچز کھیلے گی، نیوزی لینڈ کو3 ٹیسٹ،تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز میں میزبان سے مقابلہ کرنا ہے۔
Load Next Story