عمران خان کے کزن پختونخوا میں اسپتال چلاتے اور گڑبڑ کرتے رہے چیف جسٹس

شوکت خانم اچھا چل سکتا ہے تو سرکاری اسپتال کیوں نہیں، پختونخوا کے اسپتالوں کا برا حال ہے، کوئی مشین فعال نہیں، ریمارکس

سیمنٹ فیکٹریاں پانی کی قیمت دیں ورنہ بندکر دینگے، چیف جسٹس، بیسٹ وے کی انتظامیہ طلب، شاہین ایئر کا مالک پیش نہ ہوا۔ فوٹو:فائل

KARACHI:
چیف جسٹس نے خیبر پختونخوا کے اسپتالوں میں مریضوں کو میسر سہولتوں اور بورڈز کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عمران خان کے کزن نوشیرواں برکی صوبے کے اسپتالوں کا نظام چلا رہے تھے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں فل بینچ نے خیبر پختونخواکے اسپتالوں میں ناقص انتظامات سے متعلق کیس کی سماعت کی تو جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے اسپتالوںکا برا حال تھا، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی سمیت کوئی مشین فعال نہیں تھی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ایوب میڈیکل کمپلیکس کے آپریشن تھیٹر میں چائے بن رہی تھی۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاورکا ٹراما سینٹر بھی فعال نہیں تھا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ عمران خان کے کزن خیبر پختونخوا کے اسپتالوں میں صفائی تک نہیں کراسکے، تعلیم اور صحت کا بجٹ بھی پورا نہیں دیا جاتا، ممکن ہے آج ہی کسی اسپتال کا دورہ کروں۔

چیف جسٹس نے شوکت خانم اسپتال کے سربراہ فیصل سلطان سے کہاکہ ڈاکٹر صاحب اپنے جیسے لوگ پیدا کریں، آپ جیسے لوگوں کے آنے سے ہیلتھ سسٹم بہتر ہوگا۔ چیف جسٹس نے انھیں ہدایت کی کہ چیمبر میں آکر آگاہ کریںکہ اسپتالوں کو بہتری کیلیے کیاکرنا چاہیے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں کا گورننس سسٹم بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ نوشیرواں برکی عدالتی احکام پر عملدرآمد رکواتا رہا حالانکہ وہ چند دن کیلیے امریکا سے پاکستان آتا ہے۔ کٹاس راج مندرکے تالاب کے خشک ہونے سے متعلق مقدمے میں عدالت نے سیمنٹ فیکٹریوںکو استعمال شدہ زیر زمین پانی کی قیمت کی ادائیگی کی ہدایت کی اورکہاکہ پانی کا متبادل انتظام کیا جائے یا فیکٹریوںکو بندکیا جائے۔


سپریم کورٹ نے احکام کی خلاف ورزی کرنے پر بیسٹ وے سیمنٹ فیکٹری کے مالک اور انتظامیہ کو وضاحت کیلیے طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ بیسٹ وے سیمنٹ فیکٹری اربوں روپے کا پانی مفت استعمال کررہی ہے ایک روپیہ بھی نہیں دیا، چکوال میں پانی کا قحط پڑگیاہے۔ سیمنٹ فیکٹریوں کو20،20کروڑ پانی کے واجبات جمع کرانے کا کہہ دیتے ہیں، ایک ماہ کے اندر پانی کی قیمت ادا کریںورنہ فیکٹریاں بند کردیں گے، چکوال کی مقامی آبادی کو قدرتی چشموں سے محروم نہیں کرسکتے اس لیے سیمنٹ فیکٹریاں اپنے متبادل پانی کا بندوبست کریں۔ عدالت نے مزید سماعت آج (جمعہ )تک ملتوی کردی۔

عدالت عظمیٰ نے لا کالجز میں تعلیمی معیار کے بارے میںمقدمے کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایچ ای سی ٹیسٹ کی تاریخ اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈکرے تاہم 3سالہ یا 5 سالہ پروگرام کا فیصلہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کریں گے۔

سپریم کورٹ نے ایک سالہ بچے روحان کووالدہ کے حوالے کردیا، والدکے وکیل کا کہنا تھاکہ بچے کو والدہ سے خطرہ تھا، بچے کی والدہ شازیہ اختر دہری شہریت رکھتی ہے۔ چیف جسٹس نے سوال کیاکہ بچے کو والدہ سے کیا خطرہ ہوسکتاہے، 15دن بچہ والدہ کے ساتھ رہے گا تاہم اس عرصے کے دوران والدہ کا پاسپورٹ ضبط رہے گا۔

سپریم کورٹ نے پی کے23کے حوالے سے انتخابی عذرداری کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ایک ہفتے میں تفصیلی فیصلہ جاری کرنے کا حکم دیاہے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے خواتین کے ووٹوں کے کم ٹرن آؤٹ آنے پر الیکشن کالعدم قراردے دیا تھا۔ تحریک انصاف کے امیدوار شوکت یوسف زئی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف رجوع کیا ہے۔

خبر ایجنسی مطابق چین میں پھنسے مسافروں سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں شاہین ایئرلائن کے سی ای او پیش نہ ہوسکے، عدالت نے سماعت 20اگست تک ملتوی کر دی۔
Load Next Story