37حلقوں میں ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہونگے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

11قومی اور26 نشستوں کیلیے کاغذات نامزدگی 28 سے 30 اگست تک وصول ، جانچ پڑتال 4 ستمبر تک ہوگی۔

پنجاب اسمبلی کے 13،خیبرپختونخوا کے 9،سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے 2،2 حلقوں میں پولنگ ہو گی،الیکشن کمیشن۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے، پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ روز جاری شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے پبلک نوٹس 27 اگست کو جاری کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی 28 سے 30 اگست تک وصول کیے جائیں گے، نامزد امیدواروں کے ناموں کی اشاعت 31 اگست کو کی جائیگی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 ستمبر تک ہوگی۔


کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 8 ستمبر تک دائر کی جاسکیں گی جبکہ اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے یہ اپیلیں 13 ستمبر تک نمٹائی جائیں گی، امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 14 ستمبر کو جاری کی جائے گی۔

کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر جبکہ اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 16 ستمبر کو کی جائے گی جبکہ پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی۔

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں میں پولنگ ہوگی،قومی اسمبلی کے 11اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونگے۔این اے 35،این اے 53 ،این اے 56،این اے 60، این اے 63،این اے 65،این اے 69 ،این اے 103،این اے 124،این اے 131،این اے 243 میں ضمنی انتخابات ہونگے ۔پنجاب اسمبلی کے 13،خیبرپختونخوا اسمبلی کے 9 ،سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے 2،2 حلقوں میں پولنگ ہو گی۔
Load Next Story