جنید کو کافی عرصے سے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں

مقتول نے ٹی وی آرٹسٹ سے شادی کی تھی جس کا اس کے سابق شوہر کو رنج تھا.

جنید کو عباسی شہید اسپتال کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا ۔ فوٹو : ایکسپریس

عباسی شہید اسپتال کے قریب فائرنگ سے ہلاک ہونے والے جنید کو کافی عرصے سے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں اور اسے بیرون ملک سے دھمکی آمیز ٹیلی فون کالز موصول ہوتی تھیں۔

مقتول نے کچھ عرصہ قبل ہی ایک ٹی وی آرٹسٹ سے شادی کی تھی جس کا اس کے سابق شوہر کو رنج تھا، پیر20مئی کی دوپہر عباسی شہید اسپتال کے سامنے گلی میں سرکاری نمبر پلیٹ لگی موٹر سائیکل پر سوار2ملزمان نے کار رجسٹریشن نمبر ADX-551پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کار سوار20سالہ جنید ولد سلامت گل ہلاک ہوگیا تھا ۔




مقتول کے ورثا نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ واقع اورنگی ٹاؤن میں ایکسپریس کو بتایا کہ جنید کو کافی عرصے سے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں اور اسے دھمکی آمیز ٹیلی فون کالز بیرون ملک سے موصول ہوتی تھیں، ورثا کا کہنا تھا کہ جنید نے کچھ عرصہ قبل ایک ٹی وی آرٹسٹ سے شادی کی تھی جبکہ اس سے قبل بھی وہ ایک شادی کرچکی تھی لیکن شادی کے بعد اس نے خلع لے لی۔

خلع کا اس کے سابق شوہر کو شدید رنج تھا اور وہ اس کے بعد سے اسے ہراساں کررہا تھا جبکہ جنید سے شادی کے بعد اس نے جنید کو بھی ہراساں کرنا شروع کردیا تھا، اس سلسلے میں اس نے متعدد مرتبہ دونوں کو دھمکیاں دیں، جب وہ بیرون ملک چلا گیا تو اس نے بیرون ملک سے بھی جنید اور اس کی اہلیہ کو دھمکی آمیز ٹیلی فون کالز کیں، ورثا نے مزید بتایا کہ سابق شوہر کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے ، مقتول جنید کی تدفین ابھی نہیں ہوسکی،بیرون ملک سے اس کی ہمشیرہ کی واپسی پر آج (بدھ) تدفین کا امکان ہے۔
Load Next Story