سرینگر بھارتی فوجی نے فائرنگ کرکے اپنے ہی ساتھی ماردیے

واقعہ کشتواڑکے فوجی کیمپ میں اس وقت پیش آیا جب اہلکارسورہے تھے،مولوی فاروق اورغنی لون کی برسی پرمقبوضہ کشمیرمیں ہڑتال.

قابض انتظامیہ نے مارچ روکنے کیلیے متعدد حریت رہنماؤں کونظربندکردیا، چیئرمین جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ نعیم خان عدالتی حکم پررہا. فوٹو: اے ایف پی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی نے فائرنگ کرکے اپنے 2 ساتھیوں کو ہلاک 2 کو زخمی کردیا۔

ایس پی کلیپر سنگھ نے بتایا کہ واقعہ کشتواڑ کے فوجی کیمپ میں اس وقت پیش آیا جب ویجے کمار بھارتی فوجی نے سوئے ہوئے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں 4 فوجی زخمی ہوگئے جنھیں ضلع کشتواڑ کے اسپتال میں فوری داخل کرایا لیکن 2 دم توڑ گئے جبکہ 2 کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ ویجے کمار کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیر کی ہائیکورٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموںنو کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے کٹھ پتلی انتظامیہ کو انکی رہائی کا حکم دیا ہے۔




ہائیکورٹ کے جج جسٹس منصور احمد میر نے نعیم احمد خان کے وکیل ایڈووکیٹ غلام نبی شاہین کے دلائل سننے کے بعد انکی رہائی کے احکامات جاری کیے۔جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں معروف آزادی پسند رہنماؤں میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی برسی پرمکمل ہڑتال ہے۔ ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے دی ہے۔انھوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے سرینگر میں عیدگاہ کی طرف مارچ ہوگا ۔

قابض انتظامیہ نے عیدگاہ مارچ کو روکنے کیلیے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اوردیگر حریت رہنماؤں مولانا عباس انصاری ،آغا سید حسن الموسوی الصفوی، شبیراحمد شاہ ،مختار احمد وازہ ،ظفر اکبر بٹ اور مسرور عباس کو گھروں میں نظربند کر دیا گیا ہے۔بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد یوسف نقاش کو ان کے گھر سے گرفتار کرکے سرینگر میںصفہ کدل پولیس اسٹیشن منتقل کر دیاہے۔
Load Next Story