بھارت نے مذاکرات کا پیغام بھیجا ہے وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افغانستان کا دورہ کرنے کا اعلان

خارجہ پالیسی درست کی جائے گی جو پاکستان سے شروع ہوکر پاکستان پر ختم ہوگی، شاہ محمود فوٹو:سوشل میڈیا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے مذاکرات کا پیغام بھیجا ہے۔

حلف برداری کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دفتر خارجہ پہنچے اور ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ خارجہ میں پریس کانفرنس کی اور نئی خارجہ پالیسی کے خدوخال پر روشنی ڈالی۔




شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خارجہ پالیسی کی سمت درست کی جائے گی، خارجہ پالیسی پاکستان سے شروع ہوکر پاکستان پر ہی ختم ہوگی، نئی حکومت پاکستان کی عزت اور وقار کو سامنے رکھ کر آگے بڑھے گی، خارجہ پالیسی پر قومی اتفاق رائے پیدا کریں گے، کچھ قوتیں پاکستان کو تنہائی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کرتی آئی ہیں، لیکن ہم ملک کو عالمی تنہائی سے نکالنے کیلیے اقدامات کریں گے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کل خط بھیجا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی ہے اور مذاکرات کا پیغام بھیجا ہے، پاکستان اور بھارت ایٹمی قوت ہیں دونوں کو حقائق کو سامنے رکھ کر چلنا ہوگا، بھارت سے تسلسل کے ساتھ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، مقبوضہ کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان تنازع ہے جسے مل کر حل کرنا ہوگا، بھارتی وزیر خارجہ کو کہنا چاہوں گا کہ مذاکرات کے سوا مسائل کا کوئی حل نہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا میں اعتماد کے فقدان کو دور کریں گے، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پاکستان کا دورہ کریں گے اور ملکی ترجیحات سامنے رکھ کر ان سے بات کروں گا، افغانستان اور پاکستان کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے، کابل کا دورہ کرنا چاہتا ہوں اور افغانستان کے وزیر خارجہ سے رابطہ کروں گا، افغانستان کیلیے ٹھوس پیغام لے کر جانا چاہتا ہوں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سی پیک بہت اہم منصوبہ اور گیم چینجر ہے، چینی سفیر کو دعوت دی ہے کہ وہ سی پیک پر پیشرفت سے آگاہ کریں۔
Load Next Story