دنیا کےحالات کیسے بھی ہوں پاکستان سے دوستی پر آنچ نہیں آئے گی چینی وزیراعظم
چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ دنیا کے حالات کیسے بھی ہوں پاک چین دوستی پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔
صدر آصف علی زرداری کی جانب سے چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے میں نگراں وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف ، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین، وفاقی وزرا، چاروں صوبائی گورنرز، نگراں وزرائے اعلیٰ اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہیں، استقبالیے میں چینی وزیر اعظم کو ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔
اسقبالیے سے خطاب کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دنیا کے لئےایک مثال ہیں، پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، پاکستان کی ہر حکومت نے چین کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کئے ہیں، بحیثیت صدر انہوں نے بھی پاک چین تعلقات کے فروغ کے لئے کوششیں کیں اور وہ اپنے عہدہ صدارت کے دوران اب تک چین کے 9 دورے کرچکے ہیں جس کی باعث حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد چینی وزیراعظم کا دورہ خوش آیندہے وہ چینی وزیراعظم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ اقتصادی ترقی میں چین کے تعاون پر شکرگزار ہیں، پاکستان چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ علاقائی امن واستحکام نئی نسل کے مستقبل کیلیے ضروری ہے کیونکہ ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لئے خطے کو پُرامن اور مستحکم بنانا ہے، وہ امید کرتے ہیں کہ عالمی امن کے لیے چین اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ اقتدار کی پُرامن منتقلی ہورہی ہے، پاکستان کی نئی جمہوری حکومت کو خوش آمدید اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں،
استقبالیے کے دوران چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ رواں دورہ پاکستان ان کا مجموعی طور پر دوسرا دورہ ہے جبکہ بحیثیت وزیراعظم وہ پہلی بار پاکستان آئے ہیں، وہ اپنے استقبال پر پاکستانی حکومت اور عوام کے بہت شکر گزار ہیں۔ اچھے پڑوسی سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں ہوتی اور پاکستان ایک بہترین پڑوسی ہے، پاکستان اور چین نا صرف پڑوسی ملک ہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان کئی قدریں مشترک ہیں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں دونوں ممالک کی قیادت نے باہمی تعلقات کے فروغ کےلئے ہر ممکن اقدام کئے۔ صدر آصف علی زرداری نے پاک چین دوستی کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ دونوں ممالک کی دوستی مستحکم ہوئی ہے دنیا کے حالات کیسے بھی ہوں پاک چین دوستی پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔
اس سے قبل چینی وزیر اعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر نور خان ائیر بیس راولپنڈی پہنچے تو صدر آصف علی زرداری، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور نگران وزیراعظم میر ہزار کھوسو سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے چینی وزیراعظم کے اعزاز میں 21 توپوں اور جےایف تھنڈرطیاروں نےسلامی پیش کی اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
اس موقع پر چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطےکااہم ترین ملک ہے،جوعالمی امن اورترقی میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین کی اسٹریٹجک شراکت داری پائیدار اور دیرپا ہے جب کہ پاک چین دوستی دنیا کے لئے ایک مثال ہے، ہم پاکستان کی خودمختاری کے لئے حمایت جاری رکھیں گے۔
چینی وزیراعظم لی کی چیانگ عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری سمیت کئی اہم معاہدوں کی یادداشت پر دستخط ہوں گے جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پاک بھارت تعلقات پر بات چیت کے علاوہ گوادر پورٹ پربھی اہم اعلانات متوقع ہیں۔ چینی وزیراعظم مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر سیاسی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ ان کا سینٹ اجلاس سے خطاب بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب چینی وزیر اعظم کی پاکستان آمد کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے تناظر میں جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس بند رہی جبکہ ریڈ زون کی سیکیورٹی بھی پاک فوج کے حوالے ہے،چینی وزیر اعظم کی موجودگی تک ریڈ زون میں کوئی بھی غیر متعلقہ شخص یا گاڑی داخل نہیں ہو سکے گی۔