آصف زرداری ملک کے آئینی صدر ہیں اور اُنہیں عوام نے مینڈیٹ دیاہے نوازشریف

نواز شریف کو ابھی سے وزیراعظم سمجھتاہوں انہیں ایوان صدر سے بھرپور تعاون حاصل رہے گا، صدر زرداری

صدر زرداری اور میاں نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری ملک کے آئینی صدر ہیں اور انہیں عوام نے مینڈیٹ دیا ہے جبکہ صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ وہ نواز شریف کو ابھی سے ہی وزیر اعظم تسلیم کرتے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایوان صدر اسلام آباد میں چین کے وزیر اعظم کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے کے دوران صدر آصف زرداری اور مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ون آن ون ملاقات میں صدر آصف زرداری نے نواز شریف کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ حکومت آئین اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے عوام کی خدمت اور جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرے گی۔


ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ صدر زرداری کے ساتھ ملاقات میں اچھی بات چیت ہوئی، ہم ماضی کی تلخیاں بھلا کر آگے بڑہنا چاہتے ہیں، ہمیں اپنی ذات کے بجائے ملکی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی، اگر ہم اپنی ذات کو سامنے رکھتے تو شاید آج یہ ملاقات نہ ہوتی ملاقات کے دوران انہوں نے صدر زرداری سے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر پاکستان کی تعمیر کریں۔ پاکستان کی بقا اور ترقی کے لیے ساتھ چلیں گے کیونکہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اداروں اور رہنماؤں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں صدر زرداری نے کہا کہ وہ نواز شریف کی مفاہمتی پالیسی کی حمایت کرتے ہیں، ذاتی طور پر وہ نواز شریف کو وزیراعظم ہی سمجھتے ہیں، وزارت عظمیٰ کے دوران انہیں ایوان صدر سے بھرپور تعاون حاصل رہے گا، انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعظم نواز شریف کی حمایت کا فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے سربراہ مخدوم امین فہیم کریں گے کیونکہ انہیں پارٹی قیادت سے علیحدہ کردیا گیا ہے۔
Load Next Story