افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی کے والد کو اغوا کرلیا گیا

مسلح افراد نے افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی کے والد کو اس وقت اغوا کیا جب وہ اپنی گاڑی میں کہیں جارہے تھے،حکام

نہیں جانتا کہ والد کو کس نے اور کیوں اغوا کیا اور نہ ہی اغواکاروں نے اب تک کوئی رابطہ کیا ہے،کپتان افغان کرکٹ ٹیم محمد نبی فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی کے والد کو جلال آباد کے نواحی علاقے سے اغوا کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے والد خوبائی عیسیٰ خیل کو منگل کے روز صوبہ ننگرہار سے اغواکیا گیا، محمد نبی کا کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ ان کے والد کو کس نے اور کیوں اغوا کیا اور نہ ہی اغواکاروں نے ان سے اب تک کوئی رابطہ کیا ہے۔


صوبہ ننگرہار کی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے محمد نبی کے والد کو منگل کی صبح 10 بجے اس وقت اغوا کیا جب وہ اپنی گاڑی میں کہیں جارہے تھے، حکام کے مطابق خوبائی عیسیٰ خیل کی بازیابی کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم اس سلسلے میں ابھی تک کسی بھی قسم کی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ افغانستان میں گزشتہ کچھ سالوں سے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں خاصہ اضافہ دیکھا گیا ہے جن میں مختلف علاقائی گروہ ملوث ہوتے ہیں۔
Load Next Story