پاکستان اورچین کے درمیان مختلف معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط
صدر آصف زرداری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چین کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی دوستی ہمارے لئے قیمتی اثاثہ ہے، پاکستان کا دورہ میری ترجیح تھی، حکومت پاکستان کی جانب سے ''نشان پاکستان'' سے نوازے جانے کو میں پاکستانی عوام کی جانب سے چین کے عوام کے لئے محبت کی علامت سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کا تسلسل جاری ہے اور چین پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے آئندہ بھی تعاون کرتا رہے گا۔
وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ 27 سال قبل بھی میں پاکستان اپنی جماعت کے ایک نمائندے کی حثيت سے آیا تھا اور یہاں کے لوگوں کی محبت نے میرے دل پر گہرا اثر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد اور حکومت کے قیام سے قبل پاکستان میں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں یہ ثابت کرتی ہیں کہ ہماری دوستی بہت اہمیت رکھتی ہے اور سیاست اور وقت کے بدلنے سے اس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
اس موقع پر صدر آصف زرداری نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی دائمی ہے، پاکستان اکسیوں صدی میں دونوں ممالک کی ترقی اور جنوبی ایشیا کے بہتر مستقبل کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی مختلف شعبوں میں تعاون کے روپ میں نظر آ رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، صدرآصف زرداری نے چین کے وزیر اعظم کی جانب سے پاکستان میں 500 ملین یان کی سرمایہ کاری کرنےپر شکریہ بھی ادا کیا۔