لاہور چیمبر کی جانب سے چینی وزیر اعظم کے دورے کا خیرمقدم

دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات مزید مضبوط ہونگے، فاروق افتخار

دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات مزید مضبوط ہونگے، فاروق افتخار فوٹو : فائل

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار نے کہا کہ موجودہ حالات میں چین کے وزیراعظم کا دورہ پاکستان بہت اہمیت کا حامل ہے اور کاروباری برادری کو اس سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم چین کے لیے بہت احترام کے جذبات رکھتی ہے اور پاک چین دوستی پر فخر کرتی ہے کیونکہ اس نے ہر کڑے وقت میں پاکستان کا پوری طرح ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین خطے کا ایک بہت اہم ملک ہے اور پاکستان اس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، چین پاکستانی مارکیٹ کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کررہا ہے اور پاکستان کی کاروباری برادری چینی ٹیکنالوجی کے حصول کی خواہاں ہے تاکہ اپنے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو اپ گریڈ کرسکے۔




انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دوسرا بڑا ٹریڈ پارٹنر اور پاکستانی مصنوعات کے لیے چوتھی بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے، اس وقت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا سالانہ حجم 12 ارب ڈالر ہے جسے دو سال میں 15 ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے، اس وقت 100 چینی کمپنیاں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستان کے مختلف پراجیکٹس پر کام کررہی ہیں ، پاکستان پہلے ہی گوادر پورٹ چین کے حوالے کرچکا ہے اور دونوں ممالک اپنے معاشی تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے اقدمات کررہے ہیں۔

فاروق افتخار نے توقع ظاہر کی کہ چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان معیشت، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اسپیس، کمیونیکیشن اور انرجی کے شعبوں میں ہونے والے معاہدے پاکستانی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کریں گے جبکہ گوادر پورٹ اور آئل سٹی کے قیام کے لیے بھی بھاری چینی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
Load Next Story