آسٹریلیا انگلینڈ سے ایشنر ٹرافی واپس لانے کیلیے تیار

گذشتہ شکستوں کا کوئی اثر نہیں پڑے گا،کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنی تمامتر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے، مائیکل کلارک

گذشتہ شکستوں کا کوئی اثر نہیں پڑے گا،کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنی تمامتر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے،کپتان مائیکل کلارک فوٹو: فائل

کپتان مائیکل کلارک نے عزم ظاہر کیا کہ آسٹریلوی ٹیم انگلینڈ سے ایشز ٹرافی واپس لانے کیلیے تیار ہے۔

5میچز کی ٹیسٹ سیریز 10 جولائی کو ناٹنگھم میں شروع ہوگی، اس سے قبل 6 سے 23 جون تک شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلیے اسکواڈ کے بیشتر پلیئرز رواں ہفتے انگلینڈ چلے جائیں گے، ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلارک نے کہا کہ ہم ٹرافی کو وطن واپس لانے کی اپنی ہر ممکن کاوش کریں گے، گذشتہ شکستوں کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یاد رہے کہ انگلش ٹیم2010-11 میں آسٹریلیا کو3-1 سے مات دیکر ٹرافی اپنے قبضے میں رکھنے میں کامیاب رہی تھی، 2009 میں بھی سیریز انگلینڈ نے جیتی اور اب تک وہ لگاتار دو سیریز اپنے نام کرچکا ہے۔




دوسری جانب رواں برس آسٹریلوی سائیڈ دورئہ بھارت میں مکمل طور پر ناکام رہی اور میزبان نے اسے 4-0 سے آؤٹ کلاس کردیا تھا، اس سے کلارک الیون کے ٹرافی انگلینڈ سے واپس لینے کی دعووں کی نفی ہوتی ہے، کلارک نے صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہمیں فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ انگلینڈ کے پاس ایشز سیریز کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے پلیئرز کی بڑی تعداد موجود ہے اور وہ ابھی بھی بہت عمدہ کرکٹ کھیل رہے ہیں، اس کے برعکس ہماری بھارت سے اب تک کی آخری سیریز اچھی نہیں رہی، اس کے باوجود ہم انگلش سرزمین پر کامیابی حاصل کرنے کیلیے اپنی تمامتر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ایشز جیتنا ہے، ہم جانتے ہیں کہ یہ مشکل ہے لیکن ہم اپنی عوام کیلیے ایشز جیتنے کا عزم لے کر وہاں جارہے ہیں، ہمارے بولرز جانتے ہیں کہ وہ ابھی تک ضرورت کے مطابق پرفارم نہیں کرپائے اسی طرح ہم بھی خاطرخواہ رنز اسکور بورڈ پر جوڑنے میں بھی ناکام رہے ہیں ، یقینی طورپر ہم اپنی پرفارمنس پر جوابدہ ہیں، ہم جانتے ہیں کہ اگر بطور یونٹ عمدہ بیٹنگ کرنے میں کامیاب رہے تو ہمارے نوجوان اور باصلاحیت فاسٹ بولرز میچ میں 20 وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Load Next Story