دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے سعودی شاہ سلمان کا عزم

اسلام برداشت کا درس دیتا اور انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی کرتا ہے، شاہ سلمان

شاہ سلمان بن عبدالعزیز منیٰ میں حج کے بعد سالانہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ فوٹو : فائل

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ حجاج کرام اور عمرہ زائرین کی خدمت ایک اعزاز ہے جسے اللہ کی توفیق سے بہ احسن و خوبی ادا کرتے رہیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق منیٰ کے شاہی محل میں سالانہ تقریب برائے حسن کارکردگی کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حج کے انتظامات کرنے والے اداروں کے سرکاری افسران، مختلف ریاستوں کے سربراہان، اسلامی دنیا کی معروف شخصیات، اور دیگر مہمان گرامی سے خطاب کیا۔




شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حج کے دوران عمدہ کارکردگی دکھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی دو محبوب عبادت گاہوں کی خدمت کا شرف بڑے اعزاز کی بات ہے اور اللہ کی جانب سے اس نیک کام کی ادائیگی کے لیے ہمارا چنا جانا خوش نصیبی ہے۔ اللہ حجاج کرام کی عبادتوں اور ہماری خدمت کو شرف قبولیت بخشے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام برداشت اور صبر کا حکم دیتا ہے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ سعودی عرب اسلام کے اعتدال پسند نظریات اور رواداری کی تعلیم کو پوری دنیا میں عام کرتا رہے گا۔ ہم خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
Load Next Story