امریکی وزیر خارجہ کا وزیر اعظم کو فون ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار

مائیک پومپیو نے افغانستان میں امن عمل میں پاکستان کے کلیدی کردار پر بھی بات چیت کی

امریکی وزیر خارجہ کا عمران خان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار (فوٹو: فائل)

KARACHI:
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرکے نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں نومنتخب وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔

ترجمان نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دو طرفہ تعمیری تعلقات کے لیے نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی بھی خواہش کا اظہار کیا۔


یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، امریکا

ہیدر نورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے گفتگو میں پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور افغانستان کے امن عمل میں پاکستان کے کلیدی کردار پر بھی بات کی۔

Load Next Story