ریلوے کا 40 ارب روپے کا خسارہ ختم کروں گا شیخ رشید

پشاور تا لاہورڈبل ٹریک بنانا ترجیح، ریونیو بڑھائیں گے، راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا دورہ

افسران کی فوج ظفر موج نے استقبال کیا، ریلوے اسٹیشن خالی کرانے پر مسافروں کا احتجاج۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کا 40 ارب خسارہ ختم کرنے کا چیلنج قبول کر لیا۔

راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ تمام منافع بخش بند ٹرینیں بحال کر دی جائیں گی، 40 ارب خسارہ وزیراعظم نے ختم کرنے کاکہا یہ چیلنج قبول کر لیا ہے،آدھا ریلوے نیب زدہ ہے، نئی ٹرین کے کرائے میں ایک ماہ تک 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔


وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے میں کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہوگی، کسی کو برطرف کیا جائے اور نہ ہی کسی کو ہٹائیں گے، سابق حکومت کرپٹ نہ ہوتی تو اتنا خسارہ نہ ہوتا، عوام ریلوے میں تبدیلی دیکھیں گے، وعدہ کرتا ہوں کہ ریلوے ٹھیک ہوگی، یہ میری ذمے داری ہے، انھوں نے کہا کہ آئندہ سیاست میں تیزی ہوگی، کرپٹ مافیا پر ہاتھ ڈالا جائے گا تو جماعتیں جمع ہوں گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ مودی پاکستان آکر پگڑیاں تبدیل کرتا رہا، سدھو آ گیا توکیا ہوگیا؟ راولپنڈی شہر اور کینٹ کیلیے غازی بروتھا سے پانی لایا جائے گا، علاوہ ازیں شیخ رشید نے وزارت ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔ ریلوے بیورو کریسی نے پورا ریلوے اسٹیشن خالی کرا لیا، پلیٹ فارم ٹکٹ لے کر بھی اسٹیشن جانے والے افراد اور خواتین کو باہر نکال دیا گیا۔

وفاقی وزیر مکمل پروٹوکول کے ساتھ اسٹیشن پہنچے تو ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ عبدالمالک نے افسران کی فوج ظفر موج کے ساتھ ان کا استقبال کیا، بعدازاں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نے انھیں اسٹیشن کے بارے میں بریفنگ دی، باہر نکالنے پر مسافروں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
Load Next Story