80 سالہ جاپانی کوہ پیما نے ماؤنٹ ایورسٹ سرکرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

اس سے قبل بھی یو ای چیرو می ورا 70 اور 75 سال کی عمر میں یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔

80 سالہ یو ای چیرو می ورا نے تیسری بار دنیا کی یہ بلند ترین چوٹی سر کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

80 سال کی عمر میں چلنا بھی مشکل ہو جاتا ہے لیکن ایک جاپانی کوہ پیما نے اس عمر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔


80 سالہ یو ای چیرو می ورا نے اپنے 43 سالہ بیٹے اور 6 نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم کے ساتھ 29ہزار 29 فٹ بلند ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا، انہوں نے تیسری بار دنیا کا یہ بلند ترین پہاڑ سر کیا ہے، اس سے پہلے بھی وہ 70 اور 75 سال کی عمر میں یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں، یو ای چیرو می ورا دل کے مریض ہیں اوران کا چار بار دل کا آپریشن ہوچکا ہے۔

یو ای چیرو می ورا نے اپنی کامیابی کی خبر سب سے پہلے فون کر کےجاپان میں اپنے خاندان کے افراد کو دی جہاں میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے، کمرے میں موجود تمام افراد نے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر یو ای چیرو می ورا کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ وہ ورلڈ ریکارڈ بنا پائیں گے۔

80 سال کی عمر میں یہ کارنامہ سر انجام دے کر اس شخص نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر ارادے پختہ ہوں تو انسان عمر کے کسی حصے میں بھی ناممکن کو ممکن بنا سکتاہے، جاپانی کوہ پیما 85 سال کی عمر میں ایک بار پھر ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story