وزیراعظم نے احسان مانی اور اسد خان کو پی سی بی گورننگ بورڈ کا ممبر نامزد کردیا

دونوں شخصیات کو گورننگ بورڈ میں 3،3 برس کے لئے نامزد کیا گیا ہے، سرکاری اعلامیہ

دونوں شخصیات کو گورننگ بورڈ میں 3،3 برس کے لئے نامزد کیا گیا ہے، سرکاری اعلامیہ . فوٹو : فائل

توقع چیئرمین احسان مانی اور اسد علی خان کی بطور گورننگ بورڈ ممبرز نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نجم سیٹھی کے استعفے اور احسان مانی کی بطور چیئرمین نامزدگی کے بعد بورڈ کے دیگر اہم معاملات کابھی وزیراعظم عمران خان نے جائزہ لینا شروع کردیا ۔اسی سلسلے میں گزشتہ روز پی سی بی کے قانونی مشیر سلمان نصیر نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے ان سے بورڈ کے آئین سے متعلق خصوصی طور پر رائے لی جبکہ پی سی بی گورننگ بورڈ کی تشکیل کے حوالے سے بھی بریفنگ لی۔اس موقع پر سلمان نصیر نے انھیں بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے باہمی سیریز کے معاہدے پر عمل نہ کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف آئی سی سی میں کیس دائر کر رکھا جس کی سماعت رواں سال اکتوبر میں ہے۔ ادھر پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیراعظم عمران خان کی جانب سے احسان مانی اور اسد علی خان کے ممبر گورننگ بورڈ مقرر کیے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ہے۔ دونوں ممبران کو تین، تین سال کے لیے ممبر گورننگ باڈی مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو انتخابات میں فتح کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان پی سی بی میں تبدیلیاں کریں گے، مذکورہ امکانات اس وقت واضح ہوتے نظر آئے جب پی سی بی کے مستعفی چیئرمین نجم سیٹھی نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے استعفے کے بعد ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِاعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی نامزد کردیا تھا۔


عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں نے احسان مانی کونیا چیئرمین پی سی بی نامزد کردیا ہے، وہ اپنے ساتھ وسیع اور قیمتی تجربہ لائیں گے، وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، وہ تین سال تک آئی سی سی میں خازن رہے اور پھر 3سال تک انھوں نے ورلڈ کرکٹ گورننگ باڈی کی سربراہی بھی سنبھالی، احسان مانی پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ کونسل کا 28 اگست کو ہونے والا اجلاس منسوخ کردیا گیا ہے جو اب نئے چیئرمین پی سی بی کے تقرر کے بعد ہوگا، اجلاس میں پی ایس ایل فرنچائِزر اور ٹی وی رائٹس سمیت اہم امور کے حوالے سے فیصلے کیے جانے تھے، قائم مقام چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ افضل حیدر نے فیصلہ کیاکہ پی سی ایل فرنچائزر کے ساتھ معاملات اور ٹی وی رائٹس کا معاملہ اب نومنتخب بورڈ چیف دیکھیں گے۔

نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے الیکشن شیڈول اگلے ہفتے جاری ہوگاجس کے بعد انتخابی اجلاس میں گورننگ بورڈ ممبران نئے پی سی بی چیف کو منتخب کریںگے۔ وزیراعظم عمران خان جو کہ پی سی بی کے پیٹرن انچیف بھی ہیں، ان کی جانب سے احسان مانی اور اسد خان کی نامزدگی بورڈ کو موصول ہوچکی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے ممبرز کی تعداد 10 ہے جس میں 2 براہ راست وزیراعظم یعنی پی سی بی کے پیٹرن مقررکرتے ہیں جبکہ دیگر 8 ریجنزاور ڈپارٹمنٹس کی جانب سے منتخب ہوکر بورڈ کا حصہ بنتے ہیں۔ پی سی بی کے آئین کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا عہدہ خالی ہونے کے چار ہفتوں کے اندر انتخابات کروانے ہوتے ہیں۔
Load Next Story