ورلڈ اسکواش عامر اطلس شرکت سے محرومی پر مایوس

انجری کے سبب باہر ہوا،فیڈریشن سے اختلافات کی باتیں درست نہیں،پاکستانی اسٹار

انجری کے سبب باہر ہوا،فیڈریشن سے اختلافات کی باتیں درست نہیں،پاکستانی اسٹار۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

اسکواش اسٹار عامر اطلس خان کا کہنا ہے کہ انجری کی وجہ سے ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی نہ کرنے پر افسردہ ہوں، فیڈریشن سے اختلافات کی باتیں درست نہیں ہیں۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو میں عامر اطلس نے کہا کہ ٹرائلز میں عدم شرکت کے حوالے سے زیر گردش افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، انجری کی وجہ سے ورلڈ چیمپئن شپ اور ہانگ کانگ اوپن میں شرکت نہیں کر پا رہا ہوں، اسپورٹس بورڈ کے میڈیکل ڈاکٹر وقار احمد میرا علاج کررہے ہیں، انہی کے مشورے سے آئندہ ماہ دوبارہ پریکٹس کا آغاز کروں گا۔انھوں نے کہا کہ فیڈریشن خطیر رقم خرچ کرکے میرا علاج کرارہی ہے، ملک کیلیے کھیلنا ہی میرا پہلا مقصد ہے، زندگی میں کبھی پیسے کو اہمیت نہیں دی، چند افراد میرے بارے میں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، اگر میں مکمل فٹ ہوں تو ملک کیلیے کھیلنا ہی پہلی ترجیح ہوتی ہے۔




عامر اطلس نے کہا کہ فیڈریشن کی کاوشوں سے ملک میں کھیل تیزی سے فروغ پا رہا ہے ، ہم سب کی کوشش ہے کہ پاکستان کواسکواش میں کھویا ہوا مقام جلد واپس دلائیں۔ عامر اطلس خان نے ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیم کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑی صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں، امید ہے کہ سرخرو ہوکر وطن لوٹیں گے۔
Load Next Story