شہریار آفریدی کو وزیرمملکت برائے داخلہ بنانے کا فیصلہ

شہریار آفریدی کو وزیرمملکت برائے داخلہ بنانے کا نوٹی فکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے

وزیراعظم عمران خان کی 21 رکنی کابینہ 15 وزرا اور 5 مشیروں پر مشتمل ہے۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کو وزیرمملکت برائے داخلہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کو وزیرمملکت برائے داخلہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ شہریار آفریدی کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے اور 2018 کے الیکشن میں انہوں نے این اے 32 کوہاٹ سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔


وزیراعظم عمران خان کی 21 رکنی کابینہ 15 وزرا اور 5 مشیروں پر مشتمل ہے۔ پرویز خٹک کو وزارت دفاع، اسد عمر کو خزانہ، فروغ نسیم کو قانون و انصاف، شاہ محمود قریشی کو خارجہ، شیخ رشید احمد کو ریلوے ، فواد چوہدری کو اطلاعات و نشریات، شیریں مزاری کو انسانی حقوق، نورالحق قادری کو مذہبی امور اور غلام سرور خان کو وزارت پیٹرولیم کا قلمدان دیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا

زبیدہ جلال وزیر دفاعی پیداوار، فہمیدہ مرزا وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، شفقت محمود وزیر برائے تعلیم و قومی ورثہ، عامرکیانی وزیر صحت اور طارق بشیر کو وزیر سیفران بنایا گیا ہے۔

عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں محمد شہزاد ارباب کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، عبدالرزاق داؤد کو کامرس، ٹیکسٹائل، انڈسٹری پروڈکشن اور انویسٹمنٹ، ڈاکٹر عشرت حسین کو ادارہ جاتی اصلاحات، امین اسلم کو موسمیاتی تبدیلی اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔
Load Next Story