آئر لینڈ نے پاکستان کو خواب غفلت سے جگا دیا

کھیل کے تینوں شعبوں میں پرفارمنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے، مصباح کا اعتراف

کھیل کے تینوں شعبوں میں پرفارمنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے، مصباح کا اعتراف فوٹو: اے ایف پی

آئر لینڈ نے پاکستان کو خواب غفلت سے جگا دیا، کپتان مصباح الحق اپ سیٹ شکست سے بچنے کے بعد تینوں شعبوں میں بہتری کے خواہاں ہیں۔

انکا کہنا ہے مشکل ہدف کے باوجود مردانہ وار مقابلہ کرنے والی میزبان ٹیم کی کارکردگی قابل تحسین رہی۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کیلیے آئرلینڈ سے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے 276 رنز کا ٹارگٹ ملنے کے باوجود آخری گیند تک ہمت نہ ہاری،سعید اجمل کی بولنگ پر کیون اوبرائن نے چوکا جڑ کر مقابلے کا ٹائی پر اختتام کیا۔

شکست سے بال بال بچنے والی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ میزبان کو 12 اوورز میں 10 کی اوسط سے رنز درکار تھے لیکن انھوں نے کسی گھبراہٹ کا شکار ہوئے بغیر عمدہ بیٹنگ سے منزل کی طرف سفر جاری رکھا، ہمیں اب کھیل کے تینوں شعبوں میں پرفارمنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔




پہلے میچ میں توقعات کے مطابق کھیل پیش نہ کرنے کے باوجود کپتان اتوار کو فتح کے ساتھ سیریز اپنے نام کرنے کیلیے پُر امید ہیں، انہوں نے کہا کہ آئر لینڈ نے سخت مقابلہ کیا لیکن ہمیں خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں،میچ میں زیادہ تر وقت ہماری جیت کا امکان روشن تھا،صرف ایک گیند اچھی ہوجاتی تو کامیاب ٹیم کے طور پر میدان سے باہر آتے، دوسرے میچ میں ایسا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینگے۔

دوسری طرف نوجوان بیٹسمین اسد شفیق نے کہا کہ ہم سخت مقابلے کی توقع کر رہے تھے، آئرلینڈ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلیے ایسا مشکل میچ کھیلنا بہترین تجربہ رہا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نئی گیند پر وکٹیں حاصل کرکے فتح کا راستہ بنانا چاہتے تھے لیکن بیٹنگ وکٹ پر گیند بھی زیادہ سوئنگ اور ٹرن نہیں ہورہی تھی، میزبان اوپنرز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا،نوجوان بیٹسمین نے کہا کہ کیریئر کی بہترین اننگز کھیلنے کا احساس خوش کن ہے لیکن سنچری مکمل نہ کرپانے پر مایوسی بھی ہوئی۔
Load Next Story